’پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا‘
بھارت کے خلاف فتح پر پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہنے والے بھارتی ریاست اترپردیش کے عوام کو پاکستان کی فتح پر جشن منانے کی صورت میں غداری کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ اطلاعات ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں جب پاکستان کی فتح پر جشن منانے والے تین طلبا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی بلے باز رضوان کا بھارتی باؤلر شامی کی حمایت میں ٹوئٹ
اسی طرح کے جشن پر ماضی میں بھی بھارتی سیاست دان غم و غصے کا اظہار کر چکے ہیں کیونکہ مسئلہ کشمیر پر دونوں ملکوں کے درمیان دہائیوں سے کشیدہ تعلقات کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات نہ ہونے کے برابر ہیں اور اکثر دونوں ملکوں کے سیاستدان ایک دوسرے پر الزامات عائد کر چکے ہیں۔
پاکستان نے اتوار کو ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کو شکست دی تھی جو گرین شرٹس کی عالمی مقابلوں میں بھارت کے خلاف پہلی فتح بھی تھی جس پر اترپردیش کے ساتھ ساتھ کشمیر کی مقبوضہ وادی میں بھی جشن منایا گیا تھا۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیا ناتھ کے دفتر سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی جیت کا جشن منانے والوں کو بغاوت اور غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مذکورہ بیان کے مطابق جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست
اترپردیش کے وزارت انفارمیشن کے عہدیدا نونیت سہگل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ہدایات میں پولیس کو ہر معاملے میں حالات کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور پولیس اپنی تحقیقات کی بنیاد پر الزامات کا فیصلہ کرے گی۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی جیت کی تعریف کرنے والے تین کالج طلبہ کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی شکایت کے مطابق اتوار کو پاکستان کی جیت کی تعریف کی حامل سوشل میڈیا پوسٹس آگرہ کے ایک کالج میں پڑھنے والے تین کشمیری طلبہ نے کی تھیں۔
پولیس اہلکار سوربھ سنگھ نے بتایا کہ تینوں کو بدھ کے روز رات گئے گرفتار کیا گیا جہاں ان پر مختلف گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا الزام ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت: پاکستان کی کامیابی پر خوشی منانے والی مسلمان خاتون ٹیچر ملازمت سے برخاست
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھی پولیس کو پاکستان کی فتح کے بعد دو میڈیکل کالجوں میں جشن منانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
حکام نے بتایا کہ جموں سے ملحقہ چھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جہاں سوشل میڈیا پوسٹس میں دو درجن سے زیادہ لوگوں کو ہندوستان کی شکست کے بعد جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مقامی اہلکار انورادھا گپتا نے کہا کہ اس معاملے پر تفتیش جاری ہے۔