پاکستانی جیت کا اعتراف: بھارتی ٹی وی نے ’موقع موقع‘ کا نیا اشتہار جاری کردیا
معروف بھارتی اسپورٹس چینل ’اسٹار اسپورٹس‘ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں پاکستانی جیت کا اعتراف کرتے ہوئے مشہور اشتہار ’موقع موقع‘ کی نئی ویڈیو جاری کردی، جس میں پاکستانی مداح کو خوشی سے پٹاخے پھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی تاریخی کامیابی کے بعد جہاں بھارتی لوگ اپنی ٹیم پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں، وہیں ماضی میں پاکستان پر طنز کرنے والے لوگ بھی معافیاں مانگتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست
ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر طنز کرتے ہوئے اشتہار بنانے والے ٹی وی چینل ’اسٹار اسپورٹس‘ نے پاکستانی ٹیم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے معروف اشتہار ’موقع موقع‘ کی نئی ویڈیو بھی جاری کردی۔
نئی ویڈیو میں پاکستانی مداح کو قومی ٹیم کی جیت کے بعد پٹاخے پھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس سے قبل ’موقع موقع‘ کے جاری کیے گئے اشتہارات میں ہر مرتبہ پاکستانی مداح کو پٹاخے خریدتے ہوئے دکھایا گیا تھا مگر قومی ٹیم کی ہر مرتبہ شکست کی وجہ سے انہیں پٹاخے پھوڑنے کا موقع نہیں ملتا، جس کی وجہ سے ہی مذکورہ اشتہار کو ’موقع موقع‘ کے گانے پر بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب 2015 میں پہلے ’موقع موقع‘ کے اشتہار کے بول لکھنے والے لکھاری مصطفیٰ رنگوالا نے بھی پاکستانی جیت کے بعد کہا ہے کہ انہوں نے مذکورہ اشتہار کے بول کسی پر طنز کرنے کے لیے نہیں لکھے تھے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں لکھا کہ انہوں نے جنوری 2015 میں اسپورٹس چینل کی فرمائش پر گانے کے بول لکھے جو کھیل میں جیت کا جشن منانے کے جذبات کو پیش کرتے ہیں لیکن گزرتے وقت کے ساتھ وہ بول طنز اور تنقید میں بدل گئے۔
پاکستانی جیت کے بعد لکھاری نے لکھا کہ ان کی جانب سے ’موقع موقع‘ کے بول لکھنے کا مقصد روایتی حریف پر طنز کرنا یا دشمن کو ہرانے کا جشن منانا نہیں تھا بلکہ ان کے بول کا مطلب کھیل کی جیت کا جشن منانا تھا۔
’موقع موقع‘ کا پہلا اشتہار جنوری 2015 میں اس وقت جاری کیا گیا تھا جب کہ فروری 2015 کے پہلے ہفتے میں پاکستان اور بھارت کا ون ڈے میچ ہونا تھا۔
مذکورہ اشتہار میں 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے ان تمام میچز کو دکھایا گیا تھا، جن میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی اور پاکستانی مداح کو ہر مرتبہ میچ جیتنے کی خوشی کا جشن منانے کے لیے پٹاخے خریدتے ہوئے دکھایا گیا، جنہیں پھوڑنے کا موقع انہیں ملتا۔
حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 24 اکتوبر کے میچ سے قبل بھی ’اسٹار اسپورٹس‘ نے ’موقع موقع‘ کا نیا اشتہار جاری کیا تھا، جس میں ایک بار پھر پاکستانی مداح پر طنز کی گئی تھی۔
مگر پاکستان کی تاریخی جیت کے بعد ٹی وی چینل نے 25 اکتوبر کو نیا اشتہار جاری کیا، جس میں پاکستانی مداح کو جیت کی خوشی میں پٹاخے پھوڑتے ہوئے دکھایا گیا۔
دوسری جانب بھارتی شکست کے بعد اب کئی لوگ ’موقع موقع‘ اشتہار کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کئی لوگ تو یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی شاندار جیت کے بعد کئی بھارتیوں کو پہلی مرتبہ احساس ہو رہا ہے کہ پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم بھی موجود ہے۔
فلم ساز راہول ڈیسائی نے ایک ٹوئٹ کی کہ پاکستانی جیت کے بعد بھارتی لوگوں کو پہلی مرتبہ احساس ہو رہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھی موجود ہے اور یہ بلکل ایسا ہی ہے جیسےکئی بھارتیوں کو بعد میں احساس ہوتا ہےکہ بولی وڈ انڈسٹری کے علاوہ تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری بھی موجود ہے۔