کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: اسکاٹ لینڈ 60 رنز پر ڈھیر، افغانستان 130 رنز سے کامیاب

مجیب الرحمٰن نے 5 اور راشد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں رحمٰن اللہ نے 59 رنز بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں افغانستان نے اپنے پہلے میچ میں مجیب الرحمٰن کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم کو 60 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 130 رنز سے جیت لیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

محمد شہزاد اور حضرت اللہ زازئی نے پہلی وکٹ میں برق رفتاری سے رنز بناتے ہوئے چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کے سیفیان شریف نے 15 گیندوں پر 22 رنز بنا کر کھیلنے والے خطرناک بلے باز محمد شہزاد کو آؤٹ کرکے افغانستان کی پہلی وکٹ گرادی۔

حضرت اللہ زازئی نے دوسری وکٹ پر رحمٰن اللہ کے ساتھ مل کر اسکور 10 ویں اوور میں 82 رنز تک پہنچایا لیکن وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے اور 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

رحمٰن اللہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور ٹیم کا اسکور 169 تک لے گئے اور اسکاٹ لینڈ کے ڈیوی نے ان کی 46 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے 37 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں ایک چوکا اور 4 چھکے لگائے۔

نجیب اللہ زدران نے افغانستان کو ایک بڑا اسکور بنانے کے لیے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے اور 34 گیندوں کا سامنا کیا۔

انہوں نے جارحانہ اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے جبکہ سیفیان شریف نے ان کی وکٹ حاصل کی۔

کپتان محمد نبی 4 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ نے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو افغانستان کے مجیب الرحمٰن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے چوتھے اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔

مجیب الرحمٰن نے اسکاٹ لینڈ کے کپتان کائل کوئٹزر کی اننگز 10 رنز پر ختم کی، اس وقت ٹیم کا اسکور 28 رنز تھا، اگلی گیند پر کیلم میکلیوڈ بھی آؤٹ ہوئے اور آخری گیند پر نئے بلے باز رچی بیرنگٹن بھی چلتے بنے۔

اسکاٹ لینڈ کی چوتھی وکٹ 30 کے اسکور پر گری جب میتھیو کراس صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جارج منسے 25 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، مجیب الرحمٰن نے ان کی وکٹیں بھی اڑا دیں اور چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مائیکل لیسک تھے۔

مجیب الرحمٰن نے زبردست باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور مارک واٹ کو بھی آؤٹ کرکے 5 وکٹیں مکمل کی۔

دوسرے اینڈ سے راشد خان نے کرس گریویس کو آؤٹ کرکے مشکلات میں گھری اسکاٹش ٹیم کو مزید مشکل میں ڈال دیا۔

اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 11ویں اوور کی دوسری گیند پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور افغانستان نے میچ 130 رنز کے بڑے مارجن سےجیت لیا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن نے سب سے زیادہ 5 اور راشد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

مجیب الرحمٰن کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج ایک میچ کھیلا گیا جبکہ 26 اکتوبر کو دو میچ کھیلے جائیں گے جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی۔

ورلڈکپ کے اہم میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

افغانستان: محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ، اصغر افغان، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، مجیب الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ: کائل کوئٹزر (کپتان)، جارک مونسے، کیلم میکلیوڈ، رچی بیرنگٹن، میتھیو کراس، مائیکل لائسک، کرس گریویز مارک واٹ، جوش ڈیوی، سیفیان شریف، بریڈ وہیل

سعودی عرب کے دفاع کی ضرورت پڑی تو پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا، وزیراعظم

وہ فونز جو یکم نومبر کو واٹس ایپ سپورٹ سے محروم ہوجائیں گے

انڈین ٹیم کی شکست کے بعد واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی پر بھارتی برہم