کھیل

شائقین کا پاک۔بھارت کرکٹ مقابلوں کی بحالی اور قیام امن کا مطالبہ

دونوں ملکوں کے درمیان میچوں میں شائقین کی دلچسپی کے باوجود دونوں ٹیموں میں انتہائی کم میچ کھیلے گئے ہیں۔
Welcome

اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل شائقین نے دونوں ایشیائی ممالک سے امن کے قیام اور دونوں ٹیموں میں مزید کرکٹ میچوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے اہم ترین میچوں میں سے ایک میں آج تقریباً ایک ارب ناظرین ٹیلی ویژن پر میچ دیکھیں گے۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا: شائقین نے سوشل میڈیا کا محاذ سنبھال لیا

تاہم دونوں ممالک کے درمیان میچوں میں شائقین کی دلچسپی کے باوجود دونوں ٹیموں میں انتہائی کم میچ کھیلے گئے اور 2007 سے اب تک ایک بھی مکمل ٹی20 سیریز نہیں کھیلی گئی۔

2012-13 میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی20 سیریز کھیلی گئی تھی لیکن بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتے رہے ہیں اور اب دونوں کے درمیان صرف آئی سی سی مقابلوں میں میچز کھیلے جاتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی شہری محمد اشرف نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ میچز کھیلنے چاہئیں، دونوں ٹیموں کو کرکٹ کے میدان پر کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی بمقابلہ حسن علی، کیا مقابلہ ہو گا! سیاستدانوں کو اپنے مفادات کے لیے یہ سب کچھ خراب نہیں کرنا چاہیے، انہیں کرکٹ کھیلنے دیں، میں دونوں ممالک کے درمیان امن کے لیے دعاگو ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئز: آپ پاک بھارت ٹی20 مقابلوں کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟

پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری میچ مانچسٹر میں 2019 میں ورلڈ کپ کے دوران کھیلا گیا تھا۔

ابوظبی میں 2017 سے کام کرنے والی بھارتی شائق پنکھوری راج مہتا نے کہا کہ جیسے ہی ٹکٹ کو آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا گیا تو میں اسے خرید لیا تھا، ہماری نگاہیں ان مقابلوں پر مرکوز ہوتی ہیں خصوصاً جب ہم اپنے گھر سے دور رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب چلتے رہتے ہیں اور ہمیں ان سے مسئلہ ہے، لیکن سیاستدانوں کو اسے حل کرنا چاہیے، میں اپنے شوہر کے ساتھ کھیل سے لطف اندوز ہوں گی۔

اس میچ کے ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے پیش ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی بک گئے تھے اور کچھ آن لائن پلیٹ فارم حد سے زیادہ بلند قیمتوں پر انہی ٹکٹوں کو دوبارہ فروخت کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: بھارت کےخلاف میچ کیلئے پاکستان کے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان

دبئی میں جوش و خروش قابل دید ہے لیکن کچھ لوگ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے میچ کے انعقاد کو درست نہیں سمجھتے۔

دبئی میں نمائش میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی شہری رگھوویر سنگھ نے میچ کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پر لوگ مارے جا رہے ہیں اور ہم کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

اگر ٹی20 ورلڈ کپ مقابلوں کی بات کی جائے تو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچوں میں پاکستان کی ٹیم اب تک فتح سے محروم ہے اور تمام میچوں میں بھارت نے فتح حاصل کی ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ریکارڈ توڑنے کے لیے ہوتے ہیں اور شائقین بھی بابر کی اس بات سے متفق اور فتح کے لیے پرامید ہیں۔

دبئی میں ٹیکسی چلانے والے پاکستانی ڈرائیور حسن شیخ نے کہا کہ ہم انشااللہ جیتیں گے اور یہ ایک نیا دن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بابر کی قیادت میں ہماری ٹیم اچھی ہے اور ہماری باؤلنگ بہت اچھی ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی بھارت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

پاک بھارت میچ میں کن کھلاڑیوں پر سب کی نظریں ہوں گی

مختصر فارمیٹ کی کرکٹ اور پاک بھارت مقابلوں کی تاریخ

’کھلاڑیوں کو سمجھ ہی نہیں آرہا تھا کہ رنز بنائیں یا وکٹیں روکیں‘