کھیل

بنگلہ دیش کی شکست پر بھارتی شائقین کیوں خوشی منارہے ہیں؟

اس غیر معمولی جیت پر اسکاٹ لینڈ کے کیمپ میں جوش و خروش نظر آنا بنتا ہے مگر کچھ لوگ تو بیگانی شادی میں دیوانے بنے ہوئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء کا دوسرا گروپ میچ بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں اسکاٹ لینڈ نے حیران کن طور پر مضبوط سمجھی جانے والی بنگلہ دیش ٹیم کو 6 رنز سے شکست سے دوچار کردیا۔

اس شکست کے بعد بنگلہ دیشی کیمپ میں مایوسی اور اسکاٹ لینڈ کے کیمپ میں جوش و خروش نظر آنا بنتا ہے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو بیگانی شادی میں دیوانے بنے ہوئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ بنگلہ دیش کی شکست پر اسکاٹ لینڈ سے زیادہ بھارتی شہری خوش ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے بنگلہ دیش کی ٹیم کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ’یہ اسکاٹ لینڈ سے ہار گئے‘۔ دوسرے صارف نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب آپ کو احساس ہو کہ آپ نے ورلڈ کپ کے میچ میر پور کے باہر دبئی میں کھیلنا ہے‘۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نالا سنگم نے بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفق الرحیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انہوں نے ہمارا مذاق اڑایا تھا اور اب یہ خود مذاق بن گئے ہیں‘۔ کچھ ٹوئٹر صارفین نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی جانب سے ماضی میں کسی جیت کا جشن منانے کی ویڈیو شیئر کی۔ ایسی ہی ایک پوسٹ میں پرباتھ نامی صارف نے لکھا کہ ’اب کون ڈانس کر رہا ہے؟‘

بھارتی شہریوں کی جانب سے اس غیر متوقع ردِعمل کی وجہ جلد ہی اس وقت سامنے آگئی جب کچھ ٹوئٹر صارفین نے بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفق الرحیم کی ایک پرانی ٹوئیٹ کا عکس شیئر کیا۔ اس ٹوئیٹ میں ٹی20 ورلڈ کپ 2016ء کے سیمی فائنل میں بھارت کی شکست پر مشفق الرحیم نے اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا۔

ٹوئٹر پر بھارتی صارفین کا یہ ردِعمل نظر آنے کے بعد امکان ہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مستقبل میں ہونے والے میچوں کو بھی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ جیسی ہی اہمیت حاصل ہوگی۔