پاکستان

نیوزی لینڈ کے سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کا غم و غصہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا عندیہ دے دیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل 'سیکیورٹی خدشات' کی بنا پر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پاکستان و دنیا بھر سے کرکٹرز نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کے اعلان کی خبر سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر #PakvsNZ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے آج کے دن کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ 'سیکیورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے خاص طور پر جب آپ یہ شیئر نہ کریں'۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔

'نتائج کا آپ کو علم ہے؟'

سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بلیک کیپس سے سوال کیا کہ 'تمام یقین دہانیوں کے باوجود سیکیورٹی خدشے کا بہانہ کرکے دورہ منسوخ کرنے کے نتائج کا آپ کو علم ہے؟'

'سیریز مسکراہٹیں واپس لاسکتی تھی'

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی دورے کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'سیریز پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے اپنی سیکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے، وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے'۔

'افسوسناک دن'

سابق باؤلر عمر گل نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے افسوسناک دن قرار دیا اور کہا کہ 'جہاں پاکستان کرکٹ کی بحالی کی راہ پر گامزن ہے وہیں ایسے موقع پر یہ بدقسمت موڑ آیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسی دنیا کی بہترین سیکیورٹی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جب آپ کو اس قسم کی سیکیورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں'۔

'پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا رہا'

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ کو ماضی کی باتیں یاد دلائیں۔

کرائسٹ چرچ حملے میں 9 پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا رہا، پاکستان نے نیوزی لینڈ کا بدترین کورونا صورتحال میں دورہ کیا، قطع نظر اس کے کہ نیوزی لینڈ کے حکام نے اس دورے پر بہت برا رویہ رکھا۔

'یہ اچھی بات نہیں'

سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے پاکستان کو ہر طرح کے کھیلوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ 'آج کا دن پاکستان اور پاکستان کی کرکٹ کے لیے افسوسناک دن ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آخری لمحے میں سیریز منسوخ کرنا کوئی اچھی بات نہیں'۔

'پاکستان محبت کرنے والوں کا ملک ہے'

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شرفین رتھر فورڈ نے اسے پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں نے کئی ممالک کا سفر کیا ہے، پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملک ہے اور کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے'۔

'پاکستان کو ہمیشہ محفوظ محسوس کیا'

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'گزشتہ 6 سالوں سے پاکستان کا دورہ کرنے اور وہاں کرکٹ کھیلنے کا سفر انتہائی خوشگوار تجربات میں سے ایک تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے پاکستان میں ہمیشہ محفوظ محسوس کیا ہے، یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے'۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکیورٹی خطرے کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلیک کیپس دورے کو جاری نہیں رکھیں گے' اور اب ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی تاریخ، رمیز راجہ کا انتخاب اور یادگار واقعات

سائنو فارم ویکسین کے بوسٹر ڈوز کی افادیت کا ڈیٹا سامنے آگیا

نتاشا نورانی کا گانا ’چھوڑو‘ بھارتی مختصر فلم میں شامل