سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ کے اہم ترین فیچر کی تفصیلات پہلی بار سامنے آگئیں

ان تفصیلات سے عندیہ ملتا ہے کہ ملٹی ڈیوائس سپورٹ کی حدود کیا ہوسکتی ہیں اور کن ڈیوائسز پر بیک وقت ان کو استعمال کیا جاسکے گا۔

واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے پلیٹ فارم پر ایک اکاؤنٹ بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

جون 2021 کے آغاز میں پہلی بار واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کام کی تصدیق بھی کی گئی۔

یہ تصدیق واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد اس میسجنگ سروس میں ملٹی ڈیوائس سپورٹ کو صارفین استعمال کرسکیں گے۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ایسا کب تک ہوگا مگر اب رواں سال کے اس سب سے بڑے فیچر کے حوالے سے زیادہ تفصیلات لیک ہوکر سامنے آئی ہیں۔

ان تفصیلات سے عندیہ ملتا ہے کہ ملٹی ڈیوائس سپورٹ کی حدود کیا ہوسکتی ہیں اور کن ڈیوائسز پر بیک وقت ان کو استعمال کیا جاسکے گا۔

اب تک اس بارے میں زیادہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ملٹی ڈیوائس فیچر کس طرح متعدد ڈیوائسز پر کام کرے گا۔

واٹس ایپ فیچرز کی تفصیلات لیک کرنے والی سائٹ WABetaInfo نے اب اس حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے بیک وقت 4 ڈیوائسز کو لنک کرسکیں گے، مگر یہ ڈیوائسز واٹس ایپ ویب، واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور فیس بک پورٹل تک محدود ہوں گی۔

رپورٹ میں بیٹا ورژن کے اسکرین شاٹ کو شیئر کیا گیا جس میں یہ تفصیلات موجود تھیں مگر اس میں لنکڈ ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ کے بارے میں کچھ نہیں یا شاید اسے بعد میں متعارف کرایا جائے گا۔

واٹس ایپ صارفین اس فیچر میں کیا نہیں کرسکیں گے؟

رپورٹ کے مطابق جو صارفین اس وقت بیٹا میں اس فیچر کو استعمال کررہے ہیں وہ ایسے افراد کو میسجز نہیں بھیج سکتے ہیں جن کے فون میں واٹس ایپ کا پرانا ورژن موجود ہے۔

صارفین کیا کچھ کرسکتے ہیں؟

جو صارفین واٹس ایپ ملٹی ڈیوائس بیٹا کا حصہ ہیں وہ ایک فون اور 4 دیگر ڈیوائسز سے اکاؤنٹ کو لنک کرسکتے ہیں، یعنی اپنے فون کے ساتھ واٹس ایپ ویب، واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور فیس بک پورٹل۔

ایک بار لنک ہونے کے بعد واٹس ایپ ان ڈیوائسز پر کام کرتی رہے گی چاہے مرکزی ڈیوائس یعنی فون بیٹری چارجنگ ختم ہونے پر بند ہوجائے یا اس پر انٹرنیٹ تک رسائی نہ بھی ہو۔

متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے جولائی 2019 میں خبر سامنے آئی تھی اور WABetainfo نے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔

بعدازاں جو رپورٹس سامنے آئی تھیں ان کے مطابق ملٹی ڈٰوائس سپورٹ کے دوران مین ڈیوائس کو واٹس ایپ ویب کی طرح متحرک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

آسان الفاظ میں اگر فون آپ کے پاس موجود نہ ہو تو بھی واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ویب یا دیگر ڈیوائسز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا بالکل فیس بک میسنجر کی طرح۔

اس فیچر کو لنکڈ ڈیوائسز کا نام دیا جائے گا اور واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے لیے ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا یوزر انٹرفیس بھی متعارف کرایا جائے گا۔

واٹس ایپ کا نیا فیچر جو اکاؤنٹ کی تصدیق کا طریقہ بدل دے گا

واٹس ایپ کے نئے بہترین میسج فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ جانیں

واٹس ایپ کا نئی پرائیویسی پالیسی پر ایک بار پھر یوٹرن