بہترین کیمرا سیٹ اپ سے لیس یہ اسمارٹ فون آپ کو ضرور پسند آئے گا
اگر آپ اسمارٹ فون کو خریدتے ہوئے بہترین کیمرا سیٹ اپ کو ترجیح دیتے ہیں تو چینی کمپنی زی ٹی ای کا نیا فون آپ کو ضرور پسند آئے گا۔
زی ٹی ای نے اپنا نیا فلیگ شپ فون ایکسون 30 الٹرا ایکسون 30 اور ایکسون 30 پرو کے ساتھ متعارف کرادیا ہے۔
حیران کن طور پر فلیگ شپ فون ہونے کے باوجود اس کی قیمت بیشتر کمپنیوں کے مڈ رینج فونز جتنی ہی ہے۔
ایکسون 30 الٹرا فلیگ شپ پراسیسر یعنی اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر سے لیس ہے جس کے ساتھ 8 سے 12 جی بی ریم جبکہ 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
ویسے کمپنی نے اس کا ایک ایلائٹ ماڈل بھی تیار کیا ہے جس میں 16 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
فون کے اندر 4600 ایم اے ایچ بیٹری 66 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے، تاہم وائرلیس چارجنگ کا فیچر موجود نہیں۔
دیگر فیچرز میں 5 جی سپورٹ، وائی فائی 6 ای، این ایف سی قابل ذکر ہیں جبکہ اینڈرائیڈ 11 کا امتزاج مائی او ایس 11 سے کیا گیا ہے۔
ایکسون 30 الٹرا میں 6.67 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے 144 ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے تاہم یہ ڈسپلے 90 اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ موڈ سے بھی لیس ہے۔
اسکرین میں 1080 پی پلس ریزولوشن کے ساتھ ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ موجود ہے اور ڈسپلے کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 کوٹنگ کی گئی ہے۔
فون کی خاص بات اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ ہے جو 4 کیمروں پر مشتمل ہے۔
4 میں سے 3 کیمرے 64 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے، یعنی مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس میں او آئی ایس اور ایف 1.6 آپرچر موجود ہے۔
دوسرا 64 میگا پکسل کیمرا کچھ بڑے لینس کے ساتھ ہے جبکہ تیسرا 64 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا ہے۔
چوتھا کیمرا 8 میگا پکسل پیری اسکوپ سنسر کے ساتھ ہے۔ جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
یہ فون اس وقت چین میں دستیاب ہے جس کا 8 جی بی ریم والا ماڈل 4700 یوآن (ایک لاکھ 9 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم والا ورژن 5 ہزار یوآن (ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
16 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا ایلائٹ ماڈل 6666 یوآن (ایک لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔