ٹی سی ایل کے بہترین ڈسپلے والے 3 مڈرینج اسمارٹ فونز
ٹیلی ویژن تیار کرنے کے لیے معروف کمپنی ٹی سی ایل کئی سال سے اسمارٹ فون کو بھی متعارف کرا رہی ہے۔
جنوری 2021 میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران کمپنی نے ٹی سی ایل 20 سیریز کے 2 فونز متعارف کرائے تھے۔
اب اس سیریز کے مزید 3 فونز ٹی سی ایل 20 پرو 5 جی، 20 ایل اور 20 ایل پلس متعارف کرائے گئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ فون کے ڈسپلے ان ڈیوائسز کو خاص بناتے ہیں۔
ٹی سی ایل 20 پرو 5 جی میں 6.67 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس امولیڈ ڈسپلے اسٹائلش خم ایجز کے ساتھ ہے جبکہ ایک پکسل ورکس چپ بھی موجود ہے جس سے یہ اسکرین رئیل ٹائم میں ویڈیوز کو ایس ڈی آر سے ایچ ڈی آر میں کنورٹ کردیتی ہے۔
اس چپ کے ساتھ این ایکس ٹی ویژن 2.0 سے رئیل ٹائم اے آئی او ویژول ان ہاسمنٹ ٹول کی سہولت فرہم کرتا ہے۔
فون کے اندر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 750 جی پراسیسر موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی کے یوزر انٹرفیس سے کیا گیا ہے۔
اسی طرح 6 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے جبکہ 4500 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔
ٹی سی ایل 20 ایل میں 6.67 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس ایل سی ڈی پینل دیا گیا ہے جبکہ فون میں اسنیپ ڈراگون 662 پراسیسر موجود ہے۔
فون کے اندر 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں۔
اس فون کے بیک پر بھی 4 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل اسنیپر، 2 میگا پکسل میکرو اور چوتھا ڈیپتھ سنسنگ کیمرا ہے۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے۔
ٹی سی ایل 20 ایل پلس کے نام سے ہی عندیہ مل جاتا ہے کہ 20 ایل سے ملتا جلتا ہے، بس کچھ فیچرز زیادہ بہتر ہیں۔
پلس ماڈل میں بیک پر مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جبکہ فون کے اندر 6 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کا آپشن موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایاک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
باقی پراسیسر، ڈسپلے، بیٹری اور دیگر چیزیں 20 ایل جیسے ہی ہیں۔
یہ تینوں فونز یورپ میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں اور 20 پرو 5 جی کی قیمت 549 یورو (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد)، 20 ایل کی قیمت 229 یورو (41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 20 ایل پلس 269 یورو (49 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔