موٹرولا کا ایک اور انٹری لیول اسمارٹ فون موٹو ای 7 پاور
موٹرولا نے حال ہی میں جی سیریز کے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف کرائے تھے اور اب ای سیریز کا ایک انٹری لیول فون پیش کردیا گیا ہے۔
موٹرولا موٹو ای 7 پاور کے حوالے سے لیکس گزشتہ چند ہفتوں سے سامنے آرہی تھیں۔
اب اس فون کو متعارف کرا دیا گیا ہے جو سب سے پہلے بھارت میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
موٹو ای 7 پاور میں 6.5 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 5 میگا پکسل کیمرا چھپا ہوا ہے۔
فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 25 پراسیسر موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہے۔
موٹو ای 7 پرو میں 2 سے 4 جی بی ریم اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے گئے ہیں جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اسٹوریج بڑھائی جاسکتی ہے۔
فون میں گوگل اسسٹنٹ کے لیے ایک بٹن بھی دی اگیا ہے جو دائیں جانب والی سائیڈ پر ہے جبکہ آئی پی 52 ریٹنگ، ہیڈ فون جیک اور 2.2 ایم آئی ایم او سپورٹ جیسے فیچرز فون کا حصہ ہیں۔
موٹو ای 7 پاور میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 10 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے۔
فون کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہے جبکہ دوسرا 2 میگا پکسل میکرو سنسر ہے۔
اس فون کا 2 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 105 ڈالرز (16 ہزار 700 پاکستانی روپے) جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 115 ڈالرز (18 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔