کورلش عثمان کے پروڈیوسر کے ایک اور تاریخی ڈرامے کا آغاز
دیریلیش ارطغرل اور کورلش عثمان جیسے مقبول ترین ڈراموں کے خالق محمد بوزداغ کی پروڈکشن کا ایک اور تاریخی ڈراما نشر ہونا شروع ہوگیا۔
جلال الدین خوارزم کی زندگی پر بننے والا ڈراما 'مینڈریمین جلال الدین' ازبکستان اور ترکی کی مشترکہ پروڈکشن ہے جس کا آغاز 14 فروری سے ازبکستان سے ہوا۔
ڈرامے کے پروڈیوسر محمد بوزداغ ہے جن کا نام پاکستانیوں کے لیے نیا نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نئے ڈرامے کے حوالے سے بھی لوگ کافی پرجوش ہیں۔
اس ڈرامے میں جلال الدین کی زندگی اور چنگیز خان و منگول حملہ آوروں کے خلاف ان کی طویل جدوجہد کو پردہ اسکرین میں دکھایا گیا ہے۔
ازبکستان کے پبلک فائونڈیشن فار سپورٹ اینڈ ڈویلپمنٹ ماس میڈیا کی ڈپٹی چیئرپرسن سیدہ Mirziyoyeva نے اپنے ملک میں ڈرامے کے پریمیئر کے موقع پر کہا کہ 'بہترین اسکرپٹ، بہترین اداکارہ، یہ سیریز پہلی سے آخری قسط تک ناظرین کی توجہ اپنی جانب کھینچے رکھے گا، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے لوگوں کو خطے کی تاریخ کا علم ہوسکے گا'۔
اس ڈرامے کی تیاری کا اعلان محمد بوزداغ نے اکتوبر 2020 میں کیا تھا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 'یہ دنیا بھر میں زبردست اثرات مرتب کرے گا'۔
ڈرامے میں جلال الدین کا کردار Emre Kivilcim ادا کررہے ہیں جو ترکی کے بہت مقبول اداکار ہیں۔
جلال الدین خوارزم شاہ خوارزمی سلطنت کے حکمران تھے، جو چنگیز خان کے مظالم کے خلاف طویل عرصے تک جدوجہد کرتے رہے۔
انہوں نے سلجوق اور خوارزمی سطلنوں کے درمیان اختلافات کو ایک طرف رکھ کر منگولوں کے خلاف مشترکہ محاذ تشکیل دینے کی کوشش کی، مگر ناکام رہے۔
اکتوبر میں محمد بوزداغ نے بتایا تھا کہ انہوں نے اس پراجیکٹ کا آغاز 2 سال قبل ازبک حکومت کی درخواست پر کیا اور اب تک 13 اقساط کی شوٹنگ ہوچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مداحوں کی جانب سے جلال الدین خوارزم شاہ کی زندگی پر ڈرامے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
محمد بوزداغ اس سے قبل ارطغرل اور کورلش عثمان کے علاوہ یونس ایمرے ڈرامے کو بھی پروڈیوس کرچکے ہیں۔