لاہور: مسجد وزیر خان کے سامنے ڈھول کی تھاپ پر علی ظفر اور شان کے دھمال کی ویڈیو وائرل
لاہور کی تاریخی مسجد وزير خان سے متصل راہداری پر اداکار شان شاہد اور گلوکار علی ظفر کی ڈھول کی تھاپ پر دھمال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
خیال رہے کہ رواں برس امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سال 2021 میں سیاحوں کے لیے 52 بہترین مقامات کی فہرست میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو بھی شامل کیا تھا۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی ویب سائٹ پر لاہور سے متعلق حنین اقبال کی رائے پوسٹ کی تھی جنہوں نے لاہور کو اس کی ثقافت،تاریخ اور مہمان نوازی کی وجہ سے سیاحت کے لیے بہترین شہر قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا الزام، بلال سعید اور صبا قمر کے خلاف مقدمہ دائر
اور اس کی خوشی منانے کے لیے ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے فنکاروں کے دورے کا اہتمام کیا تھا۔
لاہور شہر کی عالمی پذیرائی کی خوشی میں یہ دورہ 14 فروری کو کیا گیا تھا۔
والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی جانب سے زیر انتظام اس دورے میں وفاقی وزیر برائے ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی شرکت کی تھی۔
اس دوران مہمانوں کو اندرون شہر کا دورہ کروایا گیا جس کے بعداداکار شان شاہد، گلوکار علی ظفر اور وفاقی وزیر فواد چوہدری نے شہر کی تاریخی مسجد وزیر خان کا دورہ بھی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سال 2021 میں سیاحت کیلئے 52 بہترین مقامات میں لاہور شامل
بعدازاں مسجد وزیر خان سے متصل راہداری پر اداکار شان شاہد اور گلوکار علی ظفر نے ڈھول کی تھاپ پر دھمال بھی ڈالا۔
جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اس ویڈیو میں وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کو وہاں کھڑے تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
شان شاہد، علی ظفر اور فواد چوہدری کی یہ ویڈیو مسجد وزیر خان سے متصل راہداری پر بنائی گئی جس پر سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کی جانب سے اعتراض بھی سامنے آیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ کہا جارہا ہے کہ يہ جگہ مسجد وزیر خان کا احاطہ ہے لیکن یہ ویڈیو مسجد کے داخلی دروازے سے باہر کی ہے۔
انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے فنکاروں کی اس ویڈیو پر بہت زیادہ تنقید اور اس کی مذمت کی جارہی ہے.
سید وارث علی نامی صارف نے کہا کہ 'میں مسجد وزیر خان میں اس عمل کی شدید مذمت کرتا ہوں'۔
کنشا دیسو نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ میں اس مقدس ترین مقام پر اس شرمناک عمل کی مذمت کرتا ہوں، فواد چوہدری، اداکار شان اور دیگر شرکا کو شرم آنی چاہیے۔
سکندر نامی صارف نے لکھا کہ مساجد رقص کرنے کی جگہیں نہیں ہیں۔