2 ڈسپلے اور منفرد کیمرا سیٹ ایپ والا نیا فلیگ شپ فون
شیاؤمی کا نیا فلیگ شپ فون می 11 حال ہی میں دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا جو دسمبر کے آخر میں سب سے پہلے چین میں متعارف کرایا گیا تھا۔
اب چینی کمپنی کی جانب سے اس کا زیادہ بہتر ماڈل می 11 الٹرا متعارف کرائے جانے پر کام کیا جارہا ہے۔
اس نئے فون کی پہلی جھلک ایک یوٹیوبر نے جاری کی ہے جس کا ڈیزائن بہت منفرد ہے۔
اس فون میں 6.8 انچ کا کروڈ او ایل ڈی ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ ڈبلیو کیو ایچ ڈی پلس ریزولوشن موجود ہوگی۔
فون میں 2 میگا پکسل سیلفی کیمرا، آئی پی 68 واٹر اینڈ ڈسٹ ریزیزٹنس ریٹنگ، کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر اور 67 واٹ فاسٹ وائرڈ و وائرلیس چارجنگ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح 10 واٹ ریورس وائرلیس چارجنگ دیگر ڈٰیوائسز کو پاور فراہم کرنے میں مدد دے گی۔
تاہم فون کا سب سے حیران کن حصہ اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ ہے۔
لیک کے مطابق بیک پر 50 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 48 میگا پکسل وائیڈ اینگل اور 48 میگا پکسل پیری اسکوپک ٹیلی فوٹو زوم کیمرے موجود ہوں گے۔
یہ کیمرا سیٹ اپ 120 ایکس ڈیجیٹل زوم کی سہولت فراہم کرے گا تاہم آپٹیکل زوم کے حوالے سے فی الحال تفصیلات موجود نہیں۔
اس کیمرا سیٹ اپ کے ساتھ ایک چھوٹا سا سیکنڈ ڈسپلے بھی ہوگا جو مین اسکرین کا مرر ہوگا اور ممکنہ طور پر بیک کیمروں سے زیادہ اچھی سیلفی لینے کے لیے استعمال ہوسکے گا۔
اس ڈسپلے کے بارے میں بھی ابھی زیادہ تفصیلات موجود نہیں اور نہ ہی یہ واضح ہے کہ یہ نیا فلیگ شپ فون کب تک صارفین کو دستیاب ہوگا۔
شیاؤمی کی جانب سے بھی اس لیک پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔