راج کپور کے چھوٹے بیٹے راجیو کپور 58 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
بولی وڈ اداکار اور راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے راجیو کپور 58 سال کی عمر میں چل بسے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق 9 فروری کو ممبئی میں راجیو کپور کو ہارٹ اٹیک آیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تاہم ڈاکٹروں کے علاج سے قبل ہی راجیو کپور چل بسے۔
سب سے پہلے رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں راجیو کپور کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔
راجیو کپور کی پیدائش 25 اگست 1962 کو ہوئی تھی اور وہ رندھیر کپور اور رشی کپور کے سب سے چھوٹے بھائی تھے۔
فلموں میں ان کی آمد 1983 میں فلم 'ایک جان ہیں ہم' سے ہوئی تھی۔
تاہم راجیو کپور کو شہرت راج کپور کی بطور ڈائریکٹر آخری فلم رام تیری گنگا میلی (1985) سے ملی۔
ان کی دیگر فلموں میں آسمان (1984)، لور بوائے (1985)، زبردست (1985) اور ہم تو چلے پردیس (1988) قابل ذکر ہیں۔
1990 کی دہائی میں اداکاری کی بجائے راجیو کپور کی ساری توجہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن پر مرکوز ہوگئی۔
پہلے 1991 میں اپنے بھائی رندھیر کپور کی فلم حنا میں پروڈیوسر کے طور پر کام کیا جبکہ 1996 میں فلم پریم گرنتھ کی ہدایات دیں جس میں مرکزی کردار ان کے بڑے بھائی رشی کپور نے ادا کیا تھا۔
وہ 1999 میں فلم 'آ اب لوٹ چلیں' کے پروڈیوسر بھی تھے جس کے بعد انہوں نے بولی وڈ سے دوری اختیار کرلی تھی۔
مگر حال ہی میں انہوں نے پھر فلموں میں واپسی کا اعلان کیا تھا اور ڈائریکٹر آسوتوش گواریکر کی فلم میں کردار ادا کرنا تھا۔
انہوں نے 2001 میں شادی کی تھی مگر 2003 میں علیحدگی ہوگئی اور اس کے بعد سے راجیو کپور تنہا زندگی گزار رہے تھے۔
اس فلم کا اعلان دسمبر 2020 میں ہوا تھا اور مرکزی کردار سنجے دت ادا کررہے ہیں۔
راجیو کپور کی آخری رسومات ادا کی جاچکی ہیں جس میں کپور خاندان کے اراکین سمیت بولی وڈ کے مختلف اسٹارز نے شرکت کی۔
آخری بار راجیو کپور اپنے خاندان کے ساتھ کرسمس کے موقع پر ملے تھے جس کی تصاویر بھی کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔
خیال رہے کہ راجیو کپور کے بڑے بھائی رشی کپور گزشتہ سال کینسر کے باعث انتقال کرگئے تھے۔