لائف اسٹائل

شوبز شخصیات کا کینولی کیفے کی مالکان کی وائرل ویڈیو پر اظہارِ مذمت

منیجر کی انگریزی بولنے کی صلاحیت کی تضحیک کرنے پر مالکان کو تنقید کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں واقع کینولی بائے کیفے سول کی مالکان عظمیٰ اور دیا کو اپنے ریسٹورنٹ کے منیجر کی انگریزی بولنے کی صلاحیت کی تضحیک کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کینولی کیفے سول کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کی گئی تھی جسے بعدازاں تنقید کے بعد ڈیلیٹ کردیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خواتین مالکان کو اویس نامی منیجر سے ملازمت، انگریزی سیکھنے کی مدت پوچھنے اور بعدازاں انگریزی میں جملے کہنے اور پھر انگزیزی ہی میں اپنا تعارف کروانے کا کہا گیا۔

مالکان کے کہنے پر جب منیجر نے انگریزی میں اپنا تعارف کروایا تو انہیں زبان پر عبور حاصل نہیں تھا جس پر ان میں سے ایک خاتون نے مزاحیہ تبصرہ کیا۔

یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں عوام نے ناراضی کا اظہار کیا وہیں شوبز شخصیات نے بھی اس ویڈیو کی مذمت کی۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر BoycottCannoli# کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی BoycottCafeSoul# کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کررہا ہے۔

اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے انسٹاگرام اسٹوری میں کیفے مالکان کی اس ویڈیو پر ردعمل دیا۔

انہوں نے لکھا کہ اپنی تفریح کے لیے کسی کی انگلش کا مذاق بنانا اور اسے آن لائن پوسٹ کرنے پر صرف افسوس کرنا کافی نہیں۔

احمد علی بٹ نے لکھا کہ جس نے آپ کو انگریزی سکھائی انہوں نے آپ کو انسانیت کا پہلا سبق 'احترام' نہیں سکھایا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں چاہتا ہوں کہ کوئی آپ سے اردو/پنجابی/سندھی/پشتو/سرائیکی اور پاکستان میں بولی جانے والی ہر زبان روانی سے بولنے کا کہے کیونکہ آپ یہاں رہتے ہیں۔

میزبان انوشے اشرف نے ٹوئٹ میں کہا کہ نقصان پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی کوئی بھی چیز اس شرمندگی پر قابو نہیں پاسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہے وہ آپ کا بہترین دوست ہی کیوں نہ ہو، 2021 میں اس طرح کرنا کیسے قابلِ قبول ہے۔

علی گل پیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ 'ہم بور ہوگئے تھے لہذا ہم نے اپنے ملازم کا مذاق اڑایا جو انگریزی نہیں بول سکتا جیسی ہم اپنے جعلی لب و لہجے سے بولتے ہیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کوئی برائے مہربانی اسلام آباد میں اویس بھائی کو باعزت نوکری دلوادے جہاں تفریح کے لیے ان کا مذاق نہ بنایا جاسکے، وہ آپ کو کینولی میں ملیں گے۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ کوئی اور زبان بولنے کے لیے کہا جانا کیسا ہوتا ہے جبکہ آپ کو معلوم بھی ہو کہ وہ زبان کیسے بولی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر اس وقت جب آپ کم گو ہوں تو جب مجبور کیا جاتا ہے تو بولنا مشکل ہوتا ہے، اپنی ذاتی تفریح کے لیے کسی کو کیمرے کے سامنے نہ دکھائیں، ایسا دیکھ کر افسوس ہوا۔

ورون دھون کی شادی 24 جنوری کو ہوگی، چچا کا دعویٰ

فوجی کا بیٹا فوجی، ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر تو اداکار کا بیٹا اداکار کیوں نہیں؟ احد رضا میر

خلیل الرحمٰن قمر اب ٹاک شو کی میزبانی کریں گے