ایل جی کا اب تک کا سب سے منفرد ڈوئل اسکرین فون ونگ 5 جی
ایل جی نے اپنا اب تک کا سب سے منفرد اسمارٹ فون ونگ 5 جی متعارف کرادیا ہے جو واقعی اس وقت دستیاب ڈیوائسز سے مختلف ہے۔
ایل جی ونگ 5 جی 2 ڈسپلے سے لیس ہے جس کا مین ڈسپلے کو گھمایا جائے تو اس کے نیچے سے دوسری اسکرین نظر آتی ہے۔
یہ کمپنی کے نئے ایکسپلورر پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کا اعلان کچھ دنوں پہلے ہی کیا گیا تھا۔
ویسے یہ رواں سال ایل جی کا پہلا تجرباتی فون نہیں، اس سے بل ایل جی ویلوٹ فون بھی پیش کیا گیا تھا مگر پھر بھی ونگ کا ٹی شیپ ڈوئل اسکرین ڈیزائن بالکل منفرد ہے۔
مائیکرو سافٹ ڈو، موٹرولا ریزر اور سام سنگ کے گلیکسی فولڈ جیسے ڈوئل اسکرین فونز کے مقابلے میں ایل جی ونگ دوسرا ڈسپلے اس وقت ہی نظر آتا ہے جب مین اسکرین کو 90 ڈگری اینگل پر گھمایا جاتا ہے۔
ٹی کی شکل میں فون کو متعدد طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے جیسے مین اسکرین پر ویڈیو اور سیکنڈ ڈسپلے کو ویڈیو کنٹرول تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یا آپ فون کی امیج گیلری سے تصاویر مین اسکرین پر دیکھ سکتے ہہیں اور چھوٹی اسکرین پر امیج کنٹرولز تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
دونوں اسکرین پر الگ الگ 2 ایپس استعمال کیے جاسکتے ہیں اور یہ تو بس چند آپشنز ہیں۔
ایل جی ونگ میں مین اسکرین 6.8 ان ایف ایچ ڈ پلس پی او ایل ای ڈی ایج ٹو ایج ڈسپلے سے لیس ہے اور بیسک موڈ میں اسے عام اسمارٹ فونز کی طرح ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مگر جب اسے 90 ڈگری اینگل پر کلاک وائز گھمایا جاتا ہے تو 3.9 انچ کا دوسرا او ایل ای ڈی ڈسپلے ظاہر ہوتا ہے اور ایسا کرنے پر 2 ایپس کو بیک وقت لایا جاسکتا ہے۔
کمپنی نے اسے Swivel موڈ کا نام دیا ہے اور ایک حفاظتی کوٹنگ کے ذریعے یقینی بنایا گیا ہے یہ عمل ہموار ہو اور سیکنڈ ڈسپلے خراشوں سے محفوظ رہے۔
ایل جی ونگ میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 765 جی پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 2 ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس میں وائرڈ کے ساتھ وائرلیس چارجنگ سپورٹ بھی دی گئی ہے جبکہ کوالکوم کوئیک چارج 4.0 پلس ٹیکنالوجی موجود ہے۔
اسی طرح اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے مگر ایل جی کا کہنا ہے کہ اسے جلد اینڈرائیڈ 11 سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔
جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔
64 میگا پکسل مین کیمرا ایف 1.8 آپرچر سے لیس ہے جس کے ساتھ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ بک پکسل کیمرے موجود ہیں۔
فرنٹ پر 32 میگا پکسل پوپ اپ میکنزم کے ساتھ دیا گیا ہے اور فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر موجود ہے۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال ڈیوائس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا مگر یہ ایک ہزار ڈالرز تک ہوسکتی ہے جو اگلے ماہ جنوبی کوریا میں سب سے پہلے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔