مائیکرو سافٹ کا کئی سال بعد پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون خریدنا پسند کریں گے؟
کئی برس بعد مائیکروسافٹ نے آخرکار اپنا پہلا اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے اور یہ کوئی عام ڈیوائس نہیں بلکہ فولڈایبل فون ہے۔
ویسے تو اس فون کو گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا مگر اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ سرفیس ڈو اسمارٹ فون 10 ستمبر کو لانچ کیا جارہا ہے۔
فون کے پری آرڈر 12 اگست سے شروع کیے جارہے ہیں۔
ڈوئل اسکرین اسمارٹ فون میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 10 کی بجائے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
ڈیوائس میں 2 ڈسپلے دیئے گئے ہیں، جو 5.6 انچ کے ہیں اور 360 ڈگری تک گھوم سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ کھل کر 8.3 انچ کے ٹیبلیٹ کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کو مائیکرو سافٹ نے تیار کیا جس سے اسکرین کسی کتاب کی طرح کھلتی یا بند ہوتی ہے۔
دونوں ڈسپلے 2 مختلف ایپس کو بیک وقت بھی استعمال کیا جاسکتا ہے یا لینڈاسکیپ موڈ پر منتقل ہوکر سیکنڈ ڈسپلے کو کی بورڈ یا گیم کنٹرولر کے طور پر بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
سرفیس ڈو دیگر فولڈ ایبل فونز جیسے گزشتہ سال کے سام سنگ گلیکسی فولڈ (جس کی قیمت 1980 ڈالرز رکھی گئی تھی) اور ہواوے میٹ ایکس (2400 ڈالرز) کے مقابلے میں مختلف ہے۔
سام سنگ اور ہواوے کے فونز میں ایک بڑی سنگل اسکرین کو ہی فولڈ کیا جاتا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ نے اس مقصد کے لیے ڈوئل اسکرین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا۔
مائیکروسافٹ کا کہنا تھا کہ فون کے لیے اینڈرائیڈ کو اس لیے ترجیح دی گئی کیونکہ ایپ کیٹلاگ کے لیے وہ پہلے ہی ایسا کرچکی ہے۔
فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، 6 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ 5 جی سپورٹ موجود نہیں۔
فون میں 2 بیٹریاں دی گئی ہیں جو دونوں ڈسپلے کے پیچھے چھپی ہیں اور مجموعی طور پر 3577 ایم اے ایچ گنجائش رکھتی ہیں، بظاہر زیادہ تو نہیں مگر مائیکروسافٹ نے وعدہ کیا ہے کہ ایک بار مکمل چارج کرنے پر بیٹری پورا دن کام کرے گی۔
یعنی 15 گھنٹے سے زیادہ لگاتار ویڈیو چلائی جاسکتی ہے، 27 گھنٹے مسلسل بات کرنا ممکن ہے جبکہ 10 دن کا اسٹینڈبائی ٹائم ہے۔
فون میں صرف ایک 11 میگا پکسل کیمرا ہے جس میں کم روشنی کے لیے آٹو موڈز، ایچ ڈی آر ملٹی فریم کیپچر اور سپر زوم جیسے فیچرز موجود ہیں، اس کے علاوہ 4 کے اور 8 کے ویڈیوز ریکارڈ کرسکتا ہے جس کے لیے الیکٹرونک امیج اسٹیبلائزیشن سپورٹ دی گئی ہے۔
یہ فون صارفین کو 1399 ڈالرز (2 لاکھ 35 ہزار پاکستاننی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا، اس طرح سام سنگ کے گلیکسی فولڈ اور ہواوے میٹ ایکس کے مقابلے میں کافی سستا فولڈ ایبل فون ہے۔
گزشتہ سال فون کو متعارف کراتے ہوئے مائیکروسافٹ کے ڈیوائسز ڈویژن کے کارپوریٹ نائب صدر پانوز پینے نے زور دیا کہ یہ پہلے ایک سرفیس ڈیوائس ہے 'ہم سائنسی طور پر جانتے ہیں کہ 2 اسکرینوں پر کام کرنا کتنا مددگار ثابت ہوسکتا ہے'۔
خیال رہے کہ مائیکروسافٹ نے 2017 میں ونڈوز فون پلیٹ فارم کے اختتام کا اعلان کیا تھا اور یہ اس کے بعد پہلا موقع ہے جب یہ کمپنی ایک بار پھر اسمارٹ فون مارکیٹ میں داخل ہورہی ہے۔