کھیل

4 ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ بحال

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ شروع ہو گئی۔

کورونا وائرس کے باعث تقریباً گزشتہ 4 ماہ سے منقطع بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے بحال ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا کے دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کی سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی تھیں اور تمام طرز کی کرکٹ سمیت بین الاقوامی کرکٹ کو بھی تالے پڑ گئے تھے۔

ساؤتھ ہیمپٹن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا کھیل بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا اور انگلینڈ کے قائم مقام کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ بارش کی وجہ سے تاخیر سے دوچار ہوا اور میچ کے دوران بھی بارش کی مداخلت کا سلسلہ جاری رہا۔

میچ کے دوران نسل پرستی کے خلاف بھی احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے مقتول امریکی شہری جارج فلائیڈ سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔