کھیل

دورہ انگلینڈ میں سرفراز پر رضوان کو ترجیح دیں گے، بابر

پاکستان کا باؤلنگ اٹیک اچھا ہے، ویسٹ انڈیز ۔ انگلینڈ سیریز سے ہمیں فائدہ ہوگا، محدود اوورز کے کپتان کی میڈیا سے گفتگو

قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں سرفراز کی جگہ محمد رضوان کو ترجیح دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منعقدہ خصوصی آن لائن سیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ میں موجود بابر اعظم نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے موازنے پر اعتراض کیا۔

مزید پڑھیں: 2011 ورلڈ کپ فائنل: سری لنکا نے میچ فکسنگ کی تحقیقات یکدم بند کردیں

انہوں نے کہا کہ میں زیادہ خوش ہوں گا اگر آپ میرا پاکستانی لیجنڈز جاوید میانداد، انضمام الحق، یونس خان یا محمد یوسف سے موازنہ کریں گے، میرا کوہلی یا بھارتی کھلاڑی سے موازنہ کیوں کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مصباح الحق اور یونس خان دونوں بتاتے ہیں، یونس خان کا کافی تجربہ ہے، انہوں نے انگلینڈ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے تو ہم دونوں سے تجربہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لہٰذا ہمیں کافی کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

انگلینڈ کی کنڈیشنز کے حوالے سے سوال پر بابر نے کہا کہ انگلینڈ میں ڈیوک کا گیند استعمال ہوتا ہے، گیند کا زیادہ فرق ہے، وہاں گیند زیادہ سوئنگ اور سیم ہوتی ہے لیکن انگلینڈ میں پرفارم کرنے کے بعد دیگر ممالک کے خلاف بھی کھیلنے کا اعتماد ملتا ہے اور میرا ہمیشہ سے ٹارگٹ ٹیم کو ٹاپ پر لانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ششانک منوہر آئی سی سی کی چیئرمین شپ سے الگ ہوگئے

ان کا کہنا تھا کہ میں باؤلر یا اس کی ساکھ کو نہیں بلکہ ہر گیند کو میرٹ پر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، بلاشبہ انگلینڈ کا باؤلنگ اٹیک بہترین ہے اور انہیں ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا فائدہ ہوگا لیکن میں اس چیلنج کے ساتھ رنز اسکور کرنا چاہتا ہوں۔

ٹی20 میں قومی ٹیم کی پانچویں نمبر پر تنزلی پر وضاحت پیش کرتے ہوئے محدود اوورز کی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں تبدیلیاں کیں تو ٹی20 کارکردگی پر فرق پڑا، ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس وقت ٹیسٹ سیریز پر توجہ مرکوز ہے اور میری کوشش ہے کہ ایسی کارکردگی دکھاؤں جس سے ٹیم فتح سے ہمکنار ہو۔

ایک اور سوال کے جواب میں بابر نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں وکٹ کیپر میں ہماری ترجیح محمد رضوان ہیں کیونکہ انہوں نے آسٹریلیا میں بھی کافی اچھی کارکردگی دکھائی اور پھر ہوم سیریز میں بھی ہمارے ساتھ تھے، لہٰذا ہمارا ماننا ہے کہ انہیں بھرپور موقع ملنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان کےخلاف انگلینڈ ٹیسٹ میں کلین سوئپ کر سکتا ہے'

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انگلینڈ میں دو سیریز برابر کی ہیں، ہم اعتماد کے ساتھ یہاں آئے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گی، یہاں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا اور ہم اچھے انداز میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے ناتجربہ کار باؤلنگ اٹیک کے حوالے سے سوال پر مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک بھی اچھا ہے، عباس کو یہاں کھیلنے کا تجربہ ہے، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی فارم میں ہیں اور انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ۔ انگلینڈ سیریز سے ہمیں فائدہ ہوگا، انہیں کھیلتا دیکھ کر نئی پلیئنگ کنڈیشنز کا اندازہ ہوگا۔