کھیل

'دھونی کا انٹرنیشنل کیریئر ختم ہو چکا ہے'

جہاں تک میں جانتا ہوں تو دھونی دوبارہ بھارت کی نیلی جرسی نہیں پہننا چاہتے، ہربھجن سنگھ

سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ میرے خیال میں اب سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی دوبارہ کبھی بھی بھارتی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے اور ان کا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔

38 سالہ مہندرا سنگھ دھونی نے 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیلی اور بھارت میں لاک ڈاؤن کے سبب ان کی بھارتی ٹیم میں واپسی کے امکانات بھی ختم ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ثنا میر کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کرنے والے دھونی کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں واپسی متوقع تھی لیکن اب اس عالمی وبا کے سبب آئی پی ایل کا انعقاد بھی رواں سال ممکن نظر نہیں آتا اور ٹی20 ورلڈ کپ بھی منعقد ہوتا نظر نہیں آتا۔

پربھجن نے کہا کہ دھونی کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ جلد متوقع تھی اور اس حوالے سے مستقل باتیں ہو رہی تھیں تاہم اس کا بالآخر انحصار دھونی پر ہی ہے۔

103 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 28 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے سابق مایہ ناز آف اسپنر نے کہا کہ ہم سب یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ بھارت کے لیے دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں، جہاں تک میں جانتا ہوں تو وہ دوبارہ بھارت کی نیلی جرسی نہیں پہننا چاہتے، وہ آئی پی ایل کھیلیں گے لیکن جہاں تک بھارت کی بات ہے تو میرے خیال میں وہ فیصلہ کر چکے ہیں کہ 2019 ورلڈ کپ ان کا آخری ٹورنامنٹ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے دور میں بھارتی کھلاڑی ٹیم کے بجائے اپنی ذات کیلئے کھیلتے تھے، انضمام

2014 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے دھونی نے آئی پی ایل کے لیے چنئی سپر کنگز کے کیمپ میں مارچ سے ٹریننگ شروع کردی تھی لیکن انہوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنے مستقبل کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

دھونی بھارت کے کامیاب ترین کپتان ہیں جہاں ان کی قیادت میں بھارت نے 207 کا ورلڈ ٹی20 جیتا اور پھر 2011 ورلڈ کپ میں بھی بھارت چیمپیئن بننے میں کامیاب رہا جبکہ بھارت نے انہی کی زیر قیادت ٹیسٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔