ویمن ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں نیا عالمی ریکارڈ قائم
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے ویمن ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں شائقین نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا جبکہ میزبان ٹیم نے پانچویں مرتبہ چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلیا کے مشہور و معروف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ویمن ٹی20 کے فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ بھارت سے تھا۔
چار مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے خواتین کے عالمی دن کو مزید یادگار بناتے ہوئے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل پانچویں بار جیت لیا۔
میچ کی سب سے خاص بات تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا میلبرن کرکٹ گراؤنڈ تھا جس میں خصوصاً خواتین تماشائیوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کو دیکھنے کے لیے 86ہزار 174تماشائی موجود تھے جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
یہ ناصرف آسٹریلیا میں کھیلے گئے خواتین کے کسی بھی کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے تماشائیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے بلکہ یہ اب تک ویمن کرکٹ کے دنیا بھر میں کھیلے گئے تمام میچوں میں شرکت کرنے والے شائقین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
خواتین کے کھیلوں کے مقابلوں میں تماشائیوں کی سب سے بڑی تعداد میں شرکت کا ریکارڈ 1999 میں قائم ہوا تھا جب امریکا اور روس کے درمیان ویمن سوکر ورلڈ کپ کے فائنل میں 90ہزار 185تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا تھا۔