دنگ کردینے والے 2 کانسیپٹ فولڈ ایبل فونز
فولڈ ایبل فون کا آغاز گزشتہ سال سام سنگ کے گلیکسی فولڈ سے ہوا جو کچھ زیادہ متاثر نہیں کرسکا، جس کے چند دن بعد ہواوے میٹ ایکس سامنا آیا۔
اس کے بعد موٹرولا ریزر اور گلیکسی زی فلپ فونز مختلف ڈیزائن کے ساتھ متعارف ہوئے، مگر ایسا لگتا ہے کہ فولڈ ایبل فونز کی جگہ اب رول ایبل یا اسکرول ایبل فونز لینے والے ہیں۔
ٹی سی ایل کو بجٹ اسمارٹ ٹی وی کے لیے جانا جاتا ہے مگر اس کی جانب سے کانسیپٹ فولڈ ایبل فونز کی تیاری کافی عرصے سے ہورہی ہے اور اب اس کے چند بالکل منفرد ڈیزائن سامنے آئے ہیں۔
پہلا فون، جس کی تصاویر گزشتہ ماہ سی نیٹ نے لیک کی تھیں، سلائیڈ آﺅٹ ڈسپلے سے لیس تھا اور اب اس کا پروٹوٹائپ ماڈل کمپنی نے پیش کردیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے رواں ہفتے اس اسکرول ایبل یا سلائیڈ ایبل فون کے پروٹوٹائپ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔
دیکھنے میں یہ فون عام ہی نظر آتا ہے مگر فون کا فریم کھینچا جائے تو اسکرین پھیل جاتی ہے۔
معمول کی شکل میں اس فون میں 6.75 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے مگر جب اسے کھولا جاتا ہے تو یہ 7.8 انچ کا ہوجاتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فی الحال ڈمی پروٹوٹائپ ہے اور ورکنگ پروٹوٹائپ پر کام ہورہا ہے جس میں خودکار طور پر ڈسپلے کے کھلنے اور بند ہونے کا میکنزم بھی شامل ہوگا۔
اس فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی مگر اس کے باوجود یہ بہت پتلا نظر آتا ہے۔
ویسے یہ واحد کاسنیپٹ فون نہیں بلکہ کمپنی نے ایک اور فون بھی پیش کیا ہے جو 3 حصوں میں کھلتا ہے۔
بند شکل میں 6.75 انچ اور کھلنے کے بعد 10 انچ کے ٹیبلیٹ کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔
یہ کانسیپٹ فون اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر کام کرے گا جس میں بیک پر 4 کیمرے ہوں گے جن میں ایک مین سنسر، دوسرا لو لائٹ، تیسرا سپروائیڈ اینگل اور چوتھا میکرو سنسر ہوگا۔
یہ دونوں فون فی الحال عام صارفین کے لیے جلد دستیاب ہونے کا امکان نہیں۔