سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ نے صارفین کا 'سب سے بڑا مطالبہ' پورا کردیا

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بیٹا ورژن میں جنوری سے موجود تھا اور ابتمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

واٹس ایپ میں 2020 کا پہلا بڑا فیچر ڈارک موڈ کی شکل میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا گیا ہے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بیٹا ورژن میں جنوری سے موجود تھا اور اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ آئی فون اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ وہ فیچر ہے جس کا صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ مطالبہ کیا جارہا تھا۔

واٹس ایپ کی زیرملکیت کمپنی نے 2018 میں اسے جلد پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب 2 سال بعد جاکر یہ صارفین کو دستیاب ہوا جس کا بیشتر افراد بے صبری سے انتظار بھی کررہے تھے۔

یہ فیچر منگل کی رات سے صارفین کے لیے پیش ہوا ہے اور آئندہ چند روز میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیس بک کی زیرملکیت سروس استعمال کرنے والوں کی جانب سے اس فیچر کا سب سے زیادہ مطالبہ کیا جارہا ہے اور اتنی تاخیر سے اس کی آمد کچھ حیران کن ہے کیونکہ گوگل اور ایپل نے گزشتہ سال جو آپریٹنگ ورژنز پیش کیے تھے، اس میں فل ڈارک تھیم موجود تھی۔

تاہم اب یہ پیش کردیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کا ڈراک موڈ کم روشنی والے ماحول میں آنکھوں پر تناﺅ کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ ایسی صورتحال سے بچانا ہے جہاں آپ کا فون کمرے کو روشن کردیا ہے۔

کمپنی نے اس کا ذکر تو نہیں کیا مگر ڈارک موڈ سے بیٹری لائف میں بھی بہتری آتی ہے کیونکہ گہرے رنگت پر ایپ کو ڈسپلے سے کم توانائی درکار ہوتی ہے۔

آئی فون میں ڈارک موڈ اسی صورت میں صارفین کو دستیاب ہوگا اگر ان کی ڈیوائس آئی او ایس 13 پر کام کررہی ہوگی۔

اسی طرح اینڈرائیڈ 10 پر چلنے والے فونز میں اگر سسٹم تھیم ڈارک ہو تو واٹس ایپ میں بھی اس کا اطلاق ہوجائے گا۔

اینڈرائیڈ 9 اور اس سے پہلے کے ورژنز میں سیٹنگز میں جاکر چیٹ اور وہاں ڈارک تھیم کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا، اگر وہ ابھی دستیاب نہیں تو چند دنوں بعد آپ اسے استعمال کرسکیں گے۔

اس سے قبل یوٹیوب، فیس بک میسنجر اور دیگر متعدد ایپس میں ڈارک موڈ کو متعارف کرایا جاچکا ہے مگر فیس بک کی مین ایپ میں تاحال یہ فیچر موجود نہیں اور گزشتہ دنوں فیس بک لائٹ میں اس کی آزمائش شروع ہوئی۔

واٹس ایپ میں ڈیلیٹ پیغامات کو پڑھنے کے یہ طریقے جانتے ہیں؟

2 پاکستانیوں نے کس طرح دنیا کے پہلے کمپیوٹر وائرس کو تیار کیا؟

پاکستان میں کرکٹ کی مقبولیت کا دور کب اور کیوں شروع ہوا؟