ایک رپورٹ کے مطابق 31 دسمبر کو 24 گھنٹے کے اندر واٹس ایپ میں ریکارڈ 100 ارب سے زائد پیغامات دنیا بھر میں بھیجے گئے اور اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ ہر صارف کو اوسطاً 10 سے زائد پیغامات موصول ہوئے۔
واٹس ایپ میں بہت کچھ موجود ہے جیسے تیزی سے لوڈ ہونا، اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ (بائی ڈیفالٹ)، گروپ چیٹس میں مخصوص میسج پر رئیپلائی کی سہولت کے ساتھ ساتھ دوستوں اور گھروالوں سے رابطہ وغیرہ۔
واٹس ایپ میں جس فیچر پر سب سے زیادہ وقت گزارا جاتا ہے، وہ بلاشبہ گروپ چیٹ ہے اور محض 5 سے 10 افراد کے گروپ سے بھی روزانہ درجنوں پیغامات فون پر آسکتے ہیں اور یہی گروپس مختلف ممالک میں افواہیں پھیلانے کا باعث بھی بنتے ہیں۔
مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ہر چیٹ کو آرکائیو میں ڈال دیا جائے تو کیا ہوگا؟ کم از کم ایک تجربے میں تو یہ زیادہ بہتر ثابت ہوا ہے اور یہی بالکل ایسا ہی ہے جیسے آپ اپنے ای میل ان باکس کو صفر پر لے آئیں یا بالکل صاف کردیں تاکہ اس سروس کی افادیت بڑھ جائے۔
یہ خیال بہت سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ آپ کے پاس آنے والی تمام ای میل کو دیکھنے کے بعد ان باکس سے کسی اور جگہ منتقل کردیں اور واٹس ایپ میں یہ کام چیٹس ویو سے شروع ہوسکتا ہے، جہاں تمام کانٹیکٹس او رگروپس چیٹس کی بات چیت موجود ہوتی ہے۔
اگر آپ کسی واٹس ایپ چیٹ کے آئیکون کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں تو پھر بیک وقت کئی چیٹ آئیکونز کو سلیکٹ کرنے کا آپشن آجائے گا۔
ان تمام چیٹس کو سلیکٹ کریں جن میں میسجز کے جواب دے چکے ہیں یا اب مزید رابطے میں نہیں رہتے اور پھر اوپر دائیں جانب کونے میں آرکائیو بٹن پر کلک کردیں۔
کسی چیٹ کو آرکائیو کرنے کا مطلب یہ نہیں وہ ڈیلیٹ ہوگئی ہے، یہ چیٹ آئیکون واٹس ایپ میں محفوظ رہتی ہے اور آپ گروپ یا کسی انفرادی صارف کی چیٹ کو سرچ کرسکتے ہیں۔
اسی طرح اگر اس چیٹ پر کوئی نیا میسج آتا ہے تو وہ ایک بار پھر آپ کے ان باکس میں نمودار ہوجاتی ہے اور پرانے پیغامات اس میں موجود ہوتے ہیں، تو آرکائیو میسجز میں کچھ غائب نہیں ہوتا۔
واٹس ایپ بھی صارفین پر اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے زور دیتی ہے اور اس کی ویب سائٹ پر لکھا ہے 'آرکائیو چیٹ فیچر آپ کو چیٹ اسکرین سے بات چیت کو چھپانے اور بعد میں ضرورت پڑنے پر رسائی کی سہولت فراہم کرتا ہے، آپ گروپس یا انفرادی چیٹس کو آرکائیو کرکے اپنی بات چیت کو زیادہ منظم بناسکتے ہیں'۔
واٹس ایپ کے اس فیچر کے استعمال سے آپ کے لیے کسی میسج کو دیکھنا آسان اور رئیپلائی نظرانداز ہونے کا امکان نہیں رہتا کیونکہ ان باکس میں صرف وہی چیٹ نظر آئے جو آپ نے نئے پیغام کو دیکھا نہیں ہوگا۔
اس چیٹ کو دیکھنے کے بعد جواب دینے کی ضرورت ہو تو رئیپلائی کریں اور پھر آرکائیو کردیں۔