عدلیہ کے خلاف گھناؤنی مہم شروع کردی گئی ہے، چیف جسٹس
آصف سعید کھوسہ آج چیف جسٹس کے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے، جس کے بعد جسٹس گلزار نئے چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے اپنی سبکدوشی سے قبل خطاب میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کی حمایت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اس افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے اور عدلیہ کے خلاف گھناؤنی مہم شروع کردی گئی ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے۔
آصف سعید کھوسہ کی جانب سے یہ ریمارکس سپریم کورٹ میں فل کورٹ ریفرنس میں سامنے آئے جو ان کی ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔
تاہم یہ ریمارکس خصوصی عدالت کے سنگین غداری کیس کے اس تفصیلی فیصلے کے ایک روز بعد دیکھنے میں آئے جس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو سزائے موت سنائی تھی۔