کھیل

'دھونی کے مستقبل کے بارے میں میرے بجائے عظیم سلیکٹرز سے سوال کریں'

مہندرا سنگھ دھونی کے مستقبل کے حوالے بھارتی شائقین کے ساتھ ساتھ ماہرین کرکٹ بھی تذبذب کا شکار ہیں۔

سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ نے بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے مستقبل کے حوالے سے 'عظیم سلیکٹرز' سے سوال کریں کیونکہ ہمارے سلیکٹرز کے فیصلے موجودہ دور کی کرکٹ سے مطابقت نہیں رکھتے۔

سابق بھارتی کرکٹرز کی جانب سے بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے اور مہندرا سنگھ دھونی کے مستقبل کے حوالے بھارتی شائقین کے ساتھ ساتھ ماہرین کرکٹ بھی تذبذب کا شکار ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد سے مہندرا سنگھ دھونی نے بھارتی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔

سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ بھی سلیکٹر پر تنقید کرنے والوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں اور انہوں نے بھی بھارتی ٹیم کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رواں سال جون میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے یوراج سنگھ نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب کرنا ایک مشکل کام ہے کیونکہ جب بھی ہم 15 کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہیں تو لوگ ٹیم سے باہر رہ جانے والے دیگر 15 کھلاڑیوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں کہ انہیں کیوں منتخب نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سلیکٹرز موجودہ دور کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے ہمیں ٹیم سلیکشن میں خامیاں نظر آ رہی ہیں لہٰذا ہمیں بہتر سلیکٹرز کی ضرورت ہے۔

سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے مستقبل کے حوالے سے سوال پر سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ سلیکٹرز کو اس حوالے سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے لیکن آپ یہ سوال میرے بجائے سلیکترز سے پوچھیں کہ دھونی کا مستقبل کیا ہے۔

'آپ جب بھی ملیں ترو ہمارے 'عظیم سلیکٹرز' سے اس بارے میں ضرور سوال کریں'۔

اس موقع پر انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران کچھ وقت اہلخانہ کے ہمراہ گزارنے کے لیے آرام دینے کا بھی مشورہ دیا اور اس سلسلے میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل کی مثال سامنے رکھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی اس لیے اپنی جگہ چھوڑ کر آرام لینا نہیں چاہتے کیونکہ انہیں ڈر ہوتا ہے کہ کہیں وہ ٹیم میں اپنی جگہ نہ گنوا بیٹھیں لہٰذا اس سلسلے میں پلیئرز ایسوسی ایشن بہت اہم ہے۔

یاد رہے کہ گلین میکسویل نے اپنے ذہنی مسائل کے سبب حال ہی میں کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور رہنے کا اعلان کیا تھا۔