ورلڈ کپ ٹرافی کی کرکٹ کے گھر واپسی، انگلینڈ چیمپیئن بن گیا
انگلینڈ نے ورلڈ کپ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
انگلینڈ نے ورلڈ کپ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو مرتبہ میچ ٹائی ہونے پر زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تو جواب میں انگلینڈ کی ٹیم بھی اننگز کی آخری گیند پر 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ ٹائی ہونے پر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میچ کا فیصلہ کرنے کے لیے سپر اوور کا انتخاب کیا گیا جس میں بین اسٹوک اور جوز بٹلر نے 15 رنز بنائے۔
16 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے جمی نیشام نے 5 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے آخری گیند پر 2 رنز درکار تھے لیکن وہ صرف ایک رن بنا سکے اور یوں میچ ایک مرتبہ پھر ٹائی ہوگیا۔
تاہم میچ میں زیادہ باؤنڈریز لگانے پر برتری کی بنیاد پر انگلینڈ پہلی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بن گیا۔