نقطہ نظر

اب دنیائے کرکٹ کو ملے گا ایک نیا چیمپئن

دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی روایتی حریف اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف فتح ہر لحاظ سے ایک یادگار کامیابی تھی۔

شکر اس بات کا ہے کہ نہ عادتاً ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلیا کو یہ ٹرافی ملے گی اور نہ ہی یہ آسمان سر پر اٹھانے والے بڑ بولے بھارت کو ملے گی۔ بڑے عرصے کے بعد ایسا ہو رہا ہے کہ کوئی نئی ٹیم ورلڈ چیمپئن بنے گی۔

دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی روایتی حریف اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف فتح ہر لحاظ سے ایک یادگار کامیابی تھی۔ جس میں انگلینڈ نے ثابت کیا ہے کہ وہ واقعی ورلڈ نمبر وَن ہے۔

بابائے کرکٹ انگلینڈ گوکہ کبھی ورلڈ چیمپئن نہیں بنا لیکن اس سے پہلے 3 مرتبہ ورلڈ کپ فائنل ضرور کھیل چکا ہے اور قسمت دیکھیں کہ ہر بار ناکام ہوا ہے۔

1979ء میں ویسٹ انڈیز نے ہرایا، 1987ء میں آسٹریلیا ہرانے میں کامیاب ہوا اور 1992ء میں پاکستان کے 'کارنرڈ ٹائیگرز' نے انگلینڈ کے خواب چکناچور کیے۔ اب 27 سال بعد ایک مرتبہ پھر فائنل کھیلنے کے لیے انگلینڈ کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ آسٹریلیا ہی تھا، وہ ٹیم جسے وہ 1992ء کے بعد سے کسی ورلڈ کپ میں شکست نہیں دے سکا، یہاں تک کہ ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے مرحلے میں بھی نہیں۔

مزید پڑھیے: انگلینڈ کو 1992 کے ورلڈ کپ کی جرسی سے مماثلت راس آ گئی، 27سال بعد فائنل میں

پھر ہم نے دیکھا کہ ٹاس ہارنے کے باوجود انگلینڈ نے ایک لمحے کے لیے بھی آسٹریلیا کو حاوی نہیں ہونے دیا۔ ایسا لگتا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم اس بار اگلے پچھلے سارے بدلے چکانے کا عزم لیے میدان میں اتری تھی۔ دوسری جانب آسٹریلیا، جس نے 6 مرتبہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلا تھا اور ہر مرتبہ ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، لیکن کل پہلی مرتبہ اس نے ورلڈ کپ سیمی فائنل سے باہر ہونے کا مزا چکھا ہے۔

اگر ورلڈ کپ 2019ء میں انگلینڈ کی کارکردگی کی بات کریں تو پاکستان اور سری لنکا کے ہاتھوں مایوس کن شکستوں کے باوجود بہت نمایاں رہی ہے۔ انہوں نے جو بھی میچ جیتے بڑے مارجن سے جیتے۔ جیسا کہ افتتاحی مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے ایسے ہرایا کہ وہ بیچارا پورے ٹورنامنٹ میں دوبارہ سر نہ اٹھا سکا۔

پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ نے اگلے 3 مقابلوں میں بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور افغانستان جیسے نسبتاً آسان حریفوں کو بخوبی شکست دی۔ سری لنکا کے ہاتھوں شکست پوری مہم کی واحد مایوس کن کڑی تھی لیکن شاید یہ شکست ضروری بھی بہت تھی۔ منزل کو پانے کے لیے سفر کے دوران اگر آپ کو اپنی کمزوریوں کا ادراک ہوجائے تو آگے کا سفر بہتر ہوسکتا ہے۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد تو انگلینڈ اس مقام تک پہنچ گیا تھا کہ اب باقی دونوں میچ جیتنے تھے ورنہ ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر۔ پھر یہ دونوں میچ بھی نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف تھے کہ جن کے خلاف انگلینڈ کئی سالوں سے ورلڈ کپ کا کوئی میچ نہیں جیتا تھا۔ لیکن اس بار انگلینڈ تاریخ کا دھارا موڑنے کے لیے آیا ہے۔ اس نے بھارت کو شکست دی اور نیوزی لینڈ کو بھی چاروں خانے چت کردیا، یوں خود تو سیمی فائنل تک پہنچ گیا لیکن ساتھ پاکستان کے امکانات ختم کردیے۔

بہرحال، منزل قسمت آزمانے والوں کے بجائے اپنے زورِ بازو پر جینے والوں کو ہی نوازتی ہے، اس لیے انگلینڈ کا فائنل تک پہنچنا دراصل حق کا حقدار تک پہنچنا ہے۔

مزید پڑھیے: انگلینڈ 27 سال بعد ورلڈ کپ فائنل میں

اب ہمیں انگلینڈ میں وہی تڑپ نظر آ رہی ہے جو 1992ء میں پاکستان میں تھی۔ مایوس کن شکستوں کے بعد ہمت نہ ہارنے اور آخری دم تک حریف کے سامنے ڈٹے رہنے کا فیصلہ، پھر کارکردگی میں بھی ہمیں آسٹریلیا کے خلاف کرس ووکس کی باؤلنگ میں وسیم اکرم نظر آئے اور عادل رشید کی گگلی میں مشتاق احمد!

کرس ووکس کی باؤلنگ میں وسیم اکرم نظر آئے— فوٹو: اے ایف پی

عادل رشید کی گگلی میں مشتاق احمد!— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کی کامیابیوں بلکہ پچھلے کچھ سال کی کارکردگی کا راز غالباً یہ ہے کہ اس نے 2015ء ورلڈ کپ کی بدترین ناکامی کے بعد ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا کہ جس کی ہم پاکستان جیسے ملک میں بیٹھ کر اپنے بورڈ سے توقع رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کپتان ایون مورگن کو باہر کی راہ دکھائی اور نہ ہی سب کو نکال کر ٹیم نئے کھلاڑیوں سے بھری۔ جو تبدیلیاں ہوئیں وقتاً فوقتاً ہوئیں، کپتان کو اعتماد دیا گیا اور اس بات کو سمجھا گیا کہ جدید دور میں انگلینڈ کو جدید کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

2015ء ورلڈ کپ میں شکست کے باوجود کپتان کو ہٹانے کے بجائے انہیں اعتماد دیا گیا— فوٹو: اے پی

انگلش کپتان مورگن جارحانہ شاٹ کھیل رہے ہیں جو 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے— فوٹو: رائٹرز

اب نتیجہ آپ کے سامنے ہے کہ انگلینڈ نہ صرف ون ڈے کرکٹ میں نمبر ایک ہے بلکہ اب ورلڈ کپ جیتنے کے لیے آخری مرحلے تک پہنچ چکا ہے بلکہ لارڈز میں ہونے والے فائنل کے لیے بھی کاغذ پر انگلینڈ ہی مضبوط نظر آتا ہے، لیکن، ذرا ٹھیریے! کاغذ پر تو بھارت بھی بہت مضبوط تھا بلکہ پہلے سیمی فائنل کے بیشتر حصے میں وہ غالب بھی تھا پھر وہ 45 منٹ آئے جو بقول ویرات کوہلی بھارت کی سیمی فائنل میں شکست کی وجہ بنے۔ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایسے ہی کسی لمحے سے بچنا ہوگا، ورنہ انگلینڈ چوتھی بار فائنل میں پہنچ کر بھی محروم رہ جائے گا۔

ویسے مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ میزبان ملک کے ہاتھ لگ سکتا ہے۔ 2011ء میں بھارت، 2015ء میں آسٹریلیا اور 2019ء میں انگلینڈ؟

فہد کیہر

فہد کیہر کرکٹ کے فین ہیں اور مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک نامہ کے بانی ہیں۔ وہ ٹوئٹر پر fkehar@ کے نام سے لکھتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔