ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے میچ کو گزشتہ روز بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔
بھارت کی مضبوط ٹیم کو ایک مشکل وکٹ پر جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کے مایہ ناز بلے باز نیوزی لینڈ کی شان دار باؤلنگ کے سامنے گزشتہ میچوں کی اچھی کارکردگی کا تسلسل دکھانے میں ناکام ہوئے۔
روہت شرما، ویرات کوہلی اور راہول صرف ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹے تو اس وقت بھارت کا مجموعی اسکور صرف 5 رنز تھا جس کے بعد دنیش کارتک صرف 6 رنز بنا کر 24 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے پانچویں وکٹ کے لیے ہرڈیک پانڈیا اور رشبھ پنٹ نے 47 رنز کی شراکت بنائی اور اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا تاہم پانٹ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سابق کپتان دھونی جب بیٹنگ کے لیے آئے تو بھارت کو شدید دباؤ کا سامنا تھا لیکن انہوں نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے پانڈیا کے ساتھ 21 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم اس دوران پانڈیا ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارت کا اسکور 6 وکٹوں پر 92 رنز تھا۔