پہلا سیمی فائنل، دماغ بھارت اور دل نیوزی لینڈ کے ساتھ
ورلڈ کپ 2019ء اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جہاں اعزاز کی دوڑ میں صرف 4 ٹیمیں باقی بچی ہیں۔
پہلا سیمی فائنل منگل کو اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جس میں باہم مقابل ہوں گے پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک بھارت اور نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر 'فائنل 4' میں جگہ پانے والا نیوزی لینڈ۔ جو جیتے گا وہ 14 جولائی کو لارڈز کے لیے اپنی نشست کو پکا کرے گا۔
پہلے سیمی فائنل کے لیے دونوں ٹیموں میں کس کا پلڑا بھاری ہے، کون کیوں جیت سکتا ہے اور کون کیوں ہار سکتا ہے، کس کی کیا کمزوری ہے اور کس کے پاس کیا مضبوط آپشنز ہیں، آئیے ان حوالے سے کچھ باتیں کرتے ہیں۔
بھارت، ایک مستقل مزاج دستہ
بھارت کی بات کریں تو حیران کُن طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف اس کا ورلڈ کپ ریکارڈ کچھ خاص نہیں ہے۔ 1975ء سے لے کر 2019ء تک دونوں کے مابین کُل 8 میچ کھیلے گئے جن میں سے صرف 3 میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیے: سرفراز اور ٹیم کے درمیان کوئی گروپ بندی نہیں، عماد وسیم
لیکن یاد رکھیں کہ آخری بار دونوں ٹیموں کے مابین کوئی ورلڈ کپ میچ 2003ء میں ہوا تھا جس میں بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی یعنی کافی وقت گزر چکا ہے اور پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے۔ دیگر عوامل بھی ذہن میں رکھیں تو بھارت نہ صرف سیمی فائنل بلکہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے بھی فیورٹ ہے۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ہی کوہلی الیون کو اعزاز کے لیے اہم ترین امیدوار سمجھا جا رہا تھا اور اس نے اب تک اپنے پرستاروں کو ذرا بھی مایوس نہیں کیا۔ ورلڈ کپ 2019ء میں بھارت نے اب تک 9 میچ کھیلے ہیں اور ان میں اسے صرف انگلیںڈ کے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے، یعنی وہ 'ٹاپ گیئر' میں ہے۔