کھیل

ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے

عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کی ٹیم کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی جنوبی افریقی ٹیم کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل میچوں کی ٹیموں کا حتمی فیصلہ ہو گیا اور سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا آسٹریلیا سے ہو گا۔

ہفتے کو ورلڈ کپ کے دو آخری راؤنڈ میچز بھارت اور سری لنکا کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے لیکن سیمی فائنل کی چاروں ٹیموں کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا تھا۔

البتہ پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ واضح نہ تھا کہ کونسی ٹیم کس کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گی۔

بھارت کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

اگر آسٹریلین ٹیم جنوبی افریقہ کو مات دے دیتی تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ سرفہرست ہو جاتی لیکن پروٹیز نے کینگروز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10رنز سے ہرا کر ایونٹ کا کامیابی سے اختتام کیا۔

دوسری جانب اس شکست کے بعد راؤنڈ میچز کے اختتام پر بھارتی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، آسٹریلیا نے دوسری، انگلینڈ نے تیسری اور نیوزی لینڈ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

اب ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 9 جولائی کو مانچسٹر میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان راؤنڈ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

ایونٹ کے دوسرے فائنل میں 11 جولائی کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیم مدمقابل ہوں گی، آسٹریلیا نے راؤنڈ میچ میں انگلینڈ کو مات دی تھی۔

دونوں سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں 14جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر ورلڈ کپ کی ٹرافی کے لیے نبرد آزما ہوں گی۔