کھیل

ہمارے خلاف میچ میں پاکستان پر دباؤ ہو گا، بنگلہ دیشی کوچ

پاکستان اب بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے لہٰذا ان پر میچ میں تمام تر دباؤ ہو گا، اسٹیو رہوڈز

بنگلہ دیش کے کوچ اسٹیو رہوڈز نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم کے خلاف میچ میں دباؤ پاکستانی ٹیم پر ہو گا اور ان کی ٹیم میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے لیے بے چین ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف فتح کی صورت میں رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچنے کی موہوم سی امید باقی ہے۔

پاکستان کی ٹیم تکنیکی طور پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے لیکن اس کے لیے اسے بنگلہ دیش کو کم از کم 316رنز سے ہرانا ہو گا۔

البتہ اگر بنگلہ دیش کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو پاکستانی ٹیم میچ کے آغاز سے قبل ہی ایونٹ سے باہر ہو جائے گی کیونکہ پہلے باؤلنگ کی صورت میں قومی ٹیم کسی بھی طرح درکار رن ریٹ حاصل نہیں کر سکے گی۔

بنگلہ دیش کے کوچ نے پاکستان کے خلاف میچ کے لیے اپنی ٹیم کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پر 17کروڑ لوگوں کی توقعات کا دباؤ ہو گا جو چاہتے ہیں کہ ہم یہ میچ جیتیں لیکن پاکستان اب بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے لہٰذا ان پر میچ میں تمام تر دباؤ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو شکست دینے کے لیے بے چین ہیں لیکن اگر ہم پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب ہرتے ہیں تو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرنے کے باوجود یہ ہمارے لیے ایونٹ کا اچھا اختتام ہو گا۔

انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ ہم نے آسٹریلیا کو دباؤ میں رکھا، بھارت کے خلاف بھی بھرپور مقابلہ کیا اور ہم نے جتنے بھی میچ کھیلے ان میں بھرپور مقابلہ کیا، ہم یہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بہتر سے بہترین کا سفر جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دی تھی خصوصاً ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ میں اب تک سب سے بڑا 322رنز کا ہدف کئی اوورز قبل ہی حاصل کر کے شاندار فتح اپنے نام کی تھی۔