معجزے کے منتظر ہیں، 500رنز کرنے کی کوشش کریں گے، سرفراز
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں فتح کی بدولت سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا کسی معجزے سے کم نہیں لیکن قومی ٹیم 500 رنز اسکور کرنے کی کوشش کرے گی۔
پاکستان کی ٹیم کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کا امکان تقریباً ختم ہو گیا ہے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے پاکستان کو میچ میں کم از کم 316 رنز سے فتح درکار ہے۔
اگر حقیقتاً دیکھا جائے تو پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان تقریباً ختم ہو چکا ہے لیکن قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اب بھی پرامید ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے قبل لارڈز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ہم شروع کے میچز میں اچھا نہیں کھیلے جس کی وجہ سے موجودہ صورتحال کا سامنا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں بہت بڑے مارجن سے شکست اب ٹیم کے لیے نقصان کا سبب بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت سکتے تھے مگر موقع ضائع کیا جبکہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے سے بھی نقصان ہوا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ 500رنز کرنا آسان نہیں، مگر کوشش کرسکتے ہیں، ہم بھی معجزے کے منتظر ہیں، جانتے ہیں مشکل ہے مگر کوشش کریں گے۔
اس موقع پر انہوں نے ٹورنامنٹ کے فارمیٹ پر بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارمیٹ بنانے والے ہی بہتر بتا سکتے ہیں کیا فارمیٹ بنایا جائے لیکن موجودہ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
اپنی قیادت کے بارے میں سوال پر سرفراز کا کہنا تھا کہ میری کپتانی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد پی سی بی کرے گا جبکہ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے گا۔
پاکستانی ٹیم کس طرح سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے؟
بنگلہ دیش میچ میں قومی ٹیم کو ہر حال میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا ہو گی کیونکہ پہلے باؤلنگ کی صورت میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔
سرفراز الیون اگر پہلے بیٹنگ میں 350 اسکور کرتی ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم کو 311 رنز سے شکست دیتی ہے تو قومی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
اس اسکور کے ساتھ قومی ٹیم کی جیت کا مارجن بہت ہی کم ہے، تاہم 400 رنز بنا کر 316 سے شکت دے کر بھی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔
اسی طرح اگر پاکستانی بلے باز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 450 رنز کا ہندسہ عبور کر تے ہیں تو اسے 321 رنز سے میچ جیتنا ہوگا۔
اس کے علاوہ اگر قومی ٹیم ناقابل یقین 500 رنز بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اسے یہ میچ 326 رنز سے جیتنا ہوگا۔