کھیل

ورلڈکپ: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ، پاکستان کی قسمت بھی وابستہ

پاکستان کی سیمی فائنل تک آسانی کے ساتھ رسائی کے فیصلے کا انحصار بھی اس میچ کے نتیجے پر ہوگا۔

کرکٹ ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے اہم ترین میچ میں آج گزشتہ ایونٹ کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ اور میزبان انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا جانے والا یہ میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے لیے مارو یا مرجاؤ کی صورت اختیار کر گیا ہے جہاں شکست کی صورت میں میزبان ٹیم کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایونٹ کے گروپ اسٹیج کے دوران اپنا آخری میچ کھیلں گی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں ہماری منزل اپنے ہاتھوں میں ہے، مکی آرتھر

اب تک کے 8 میچز میں انگلینڈ کے 5 فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کی صورت میں یہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ شکست کی صورت میں ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی بھی یہی صورتحال ہے، اس نے اپنے 8 میچز میں 5 فتوحات اور ایک بارش سے متاثرہ میچ کی وجہ سے 11 پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہیں، یہ بھی فتح کی صورت میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ شکست کی صورت میں اس کے بھی ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔

اس میچ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے نتیجے کا براہ راست اثر نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم بلکہ شکست کھانے والی ٹیم کی سیمی فائنل پر رسائی پر پڑے گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پاکستان 9 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے جبکہ اس کا ایک میچ بنگلہ دیش کے خلاف باقی ہے جو 5 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کی کامیابی

انگلینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان کو بنگلہ دیش کو تقریباً 200 سے 250 رنز کے مارجن سے شکست دینی ہوگی یا پھر بنگلہ دیشی ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے ہدف کم سے کم اوورز میں حاصل کرنا ہوگا تاکہ اس کا رن ریٹ نیوزی لینڈ کے رن ریٹ سے بہتر ہوسکے اور وہ کیویز کو آؤٹ کرکے خود سیمی فائنل میں جگہ بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: ہارتے ہارتے ہم جیتنا کیسے شروع ہوگئے؟

بنگلہ دیشی ٹیم ایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے تاہم پھر بھی وہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اور ایسے میں پاکستان کے لیے کسی ٹیم کو اتنے بڑے مارجن سے شکست دینا مشکل ہوجائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے گزشتہ 5 میچز کو دیکھا جائے تو ان میں بنگلہ دیشی ٹیم 4 مرتبہ کامیاب رہی ہے۔

نیوزی لینڈ کی کامیابی

نیوزی لینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان کو رن ریٹ کی فکر نہیں ہوگی بلکہ صرف ایک جیت درکار ہوگی جو بظاہر مشکل دکھائی دیتی ہے۔

تاہم ٹیم کی گزشتہ 3 میچز کی پرفارمنس کو مد نظر رکھتے ہوئے امید کا اظہار کیا جارہا ہے کہ قومی ٹیم اس مرتبہ بنگلہ دیش کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔

شکست کھانے والی ٹیم پاکستان کے منظور نظر

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کی شکست خوردہ ٹیم ایونٹ سے باہر نہیں ہوگی، بلکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں پاکستان کی شکست کی خواہشمند بن جائیں گی۔

میچ ٹائی، پاکستان آؤٹ

کیویز اور میزبان ٹیم کے درمیان میچ کا آسان نتیجہ صرف اس کے ٹائی ہونے پر ہی نکل سکتا ہے کیونکہ اس سے دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔