کھیل

ورلڈ کپ: سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23رنز سے شکست دے دی

سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338رنز بنائے، جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 315رنز بنا سکی۔

نکلوس پوران کی شاندار سنچری کے باوجود سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 23رنز سے شکست دے دی۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا لیکن یہ اقدام غلط ثابت ہوا۔

سری لنکن اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 93رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جس کا خاتمہ 32 رنز بنانے والے دمتھ کرونارتنے کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا۔

ویسٹ انڈیز کو دوسری وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 104 کے مجموعے پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں کوشل پریرا کی 64رنز کی اننگز تمام ہوئی۔

اس کے بعد آوشکا فرنینڈو کا ساتھ دینے کوشل مینڈس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 85رنز کی شراکت قائم کی، مینڈس 39رنز بنانے کے بعد فیبیئن ایلن کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے فرنینڈو نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور تجربہ کار اینجلو میتھیوز کے ہمراہ مزید 58رنز کی شراکت قائم کی۔

اختتامی اوورز میں لہیرو تھری مانے اور فرنینڈو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 67رنز کی شراکت قائم کی، فرنینڈو 104رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد شیلڈن کوٹریل کی وکٹ بنے۔

تھری مانے نے 33 گیندوں پر 45رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 338رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 22رنز پر سنیل ایمبرس اور شے ہوپ کی خدمات سے محروم ہو گئی، دونوں وکٹیں لاستھ ملنگا نے حاصل کیں۔

اس موقع پر کرس گیل کا ساتھ دینے شیمرون ہٹمائر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 49رنز کی شراکت قائم کی، گیل نے 35رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مجموعی اسکور میں 13رنز کے اضافے سے ہٹمائر بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

84رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد نکولس پوران اور کپتان جیسن ہولڈر کی میدان میں آمد ہوئی اور دونؤں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5ویں وکٹ کے لیے 61رنز جوڑے لیکن جیفری ویندرسے نے 26رنز بنانے کے بعد حریف کپتان ی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کارلوس برتھ ویٹ کی اننگز تو صرف 8رنز پر محیط تھی لیکن پوران نے ان کے ہمراہ 54رنز جوڑے، 199 کے مجموعی اسکور پر بریتھ ویٹ آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم چھ وکٹیں گنوا چکی تھی اور اسکے میچ جیتنے کی امیدیں ماند پڑ چکی تھیں لیکن اس موقع پر پوران اور فیبین ایلن کی جوڑی سری لنکا کی فتح کی راہ میں حائل ہو گئی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 58گیندوں پر 83رنز کی شاندار قائم کی اور ویسٹ انڈیز کو میچ میں واپس لے آئے لیکن اس موقع پر رن آؤٹ کی غلطی ایلن کی اننگز کا خاتمہ کر گئی جنہوں نے 32 گیندوں پر 51رنز کی اننگز کھیلی۔

پوران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور اسکور کو 308 تک پہنچا دیا البتہ اینجلو میتھیوز نے میچ میں پہلی گیند پر ان کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کی فتح راہ ہموار کی۔

اس کے بعد سری لنکا کو فتح کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور اگلے اوور میں ملنگا نے الفونسو تھامس کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور یوں سری لنکا نے میچ میں 23رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

سری لنکا کی جانب سے لاستھ ملنگا ایک مرتبہ پھر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

سری لنکا کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے آوشکا فرنینڈو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔