پاکستانی اوپنرز کی ناقص کارکردگی ٹیم انتظامیہ کیلئے دردسر بن گئی
عالمی کپ میں امام اور فخر کی جوڑی بری طرح ناکام رہی، دونوں اوپنرز اب تک 7 اننگز میں صرف ایک ایک نصف سنچری ہی بناسکے۔
ورلڈکپ 2019 میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخرزمان کی جوڑی بری طرح ناکام رہی اور دونوں نوجوان اوپنرز اب تک ایونٹ کی 7، 7 اننگز میں صرف ایک ایک نصف سنچری بناسکے ہیں۔
ورلڈکپ میں جہاں صف اول کی ٹیموں کو ان کے اوپنرز بہترین آغاز فراہم کر رہے ہیں وہیں نیوزی لینڈ کی طرح پاکستان کے اوپنرز کی کارکردگی بھی اب تک ایونٹ میں مایوس کن رہی ہے۔
عالمی کپ کے میچز میں پاکستانی اوپنرز خصوصاً فخر زمان کی کارکردگی ٹیم منیجمنٹ کے لیے لمحہ فکریہ بن گئی ہے اور سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اس وقت کوئی متبادل اوپنر میسر نہیں لہٰذا عالمی کپ کے بقیہ میچز میں بھی انہی پر اکتفا کرنا پڑے گا۔