پاکستان ٹیم کی بہترین کارکردگی، 1992 کے ورلڈ کپ سے مماثلت کا سلسلہ جاری
پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان کو شکست دے کر ناصرف سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں بلکہ ساتھ ساتھ 1992 کے ورلڈ کپ سے قومی ٹیم کی کارکردگی کی حیران کن مماثلت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
عالمی کپ کے ہر گزرتے میچ کے ساتھ ہی پاکستان کی 1992 کے ورلڈ کپ کی فتوحات و شکست کے ساتھ مماثلت ہر کسی کے لیے حیران کن ہے اور یہ چیز اس حد تک یکساں ہے کہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اس چیز کو اہمیت دینا شروع کردی ہے۔
1992 میں چیمپیئن بننے والی پاکستانی ٹیم کو بھی اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست ہوئی تھی اور اس مرتبہ پھر ایونٹ کا آغاز ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کے ساتھ ہوا تھا۔
27سال قبل بھی پاکستان نے پہلے میچ میں شکست کے بعد دوسرا میچ جیتا اور تیسرا میچ بارش کی نذر ہوا اور یہی تسلسل اس مرتبہ بھی برقرار رہا۔