بھارت کو ورلڈ کپ میں پہلی شکست، انگلینڈ کی فتح
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 338رنز کا ہدف دیا، بھارتی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 306رنز ہی بنا سکی۔
انگلینڈ نے ورلڈ کپ میں ناقابل شکست بھارت کی فتوحات کے تسلسل کو ختم کرتے ہوئے اہم میچ میں 31رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
جیسن روئے اور بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 22اوورز میں 160رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا،، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب متبادل فیلڈر رویندرا جدیجا نے شاندار کیچ لے کر روئے کی 66رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
دوسرے اینڈ پر موجود بیئراسٹو نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور وہ 109 گیندوں پر 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 111رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی وکٹ بنے۔