کھیل

روہت شرما کا متنازع آؤٹ، بھارتی شائقین کی انگلش امپائر کو بدنام کرنے کی کوشش ناکام

ورلڈ کپ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں بھارتی اوپننگ بلے باز کو متنازع انداز میں کیچ آؤٹ قرار دیا گیا۔

ورلڈ کپ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں بھارتی اوپننگ بلے باز کا ڈی آر ایس پر متنازع انداز میں آؤٹ انگلش امپائر کرس گیفینی کو مہنگا پڑ گیا۔

جمعرات کو مانچسٹر میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 29 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز روہت شرما کے خلاف کیچ کی زوردار اپیل ہوئی لیکن فیلڈ امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

ویسٹ انڈیز نے امپائر کے فیصلے سے اتفاق نہ کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف ریویو لیا اور یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب تھرڈ امپائر نے روہت کو آؤٹ قرار دیا۔

کیماروچ کی جانب سے کرائی گیند بیٹ اور پیڈ کے درمیان موجود خلا سے گزری اور اس دوران اسنیکو پر واضح طور پر گیند کے لگنے کا عندیہ ملا البتہ یہ بات واضح نہیں تھی کہ گیند پیڈ سے ٹکرائی ہے یا بیٹ سے لیکن کرس گیفینی نے روہت کو آؤٹ قرار دیا جس پر بھارتی بلے باز بھی ناخوش نظر آئے اور مایوسی سے پویلین لوٹ گئے۔

انگلش امپائر کرس گیفینی کا یہ فیصلہ بظاہر غلط نظر نہ آتا تھا کیونکہ یہ واضح نہ تھا کہ گیند بلے سے لگی ہے یا نہیں اور ایسا لگتا تھا کہ گیند بلے کو بھی چھو کر گئی ہے لیکن بھارتی تماشائیوں سے یہ فیصلہ ہضم نہ ہوا اور انہوں نے روایتی تنگ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے کرس گیفینی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔

بھارتی شائقین نے صرف اسی پر بس نہیں کیا بلکہ وکی پیڈیا پر جا کر گیفینی کی پروفائل میں ایڈیٹنگ کردی جس کی وجہ سے وکی پیڈیا کو بالآخر مذکورہ صفحے کے لیے ایڈیٹنگ کو بند کرنا پڑا۔

انگلش امپائر کی وکی پیڈیا کی پروفائل میں ایڈیٹنگ کر کے بھارتی شائقین نے لکھا کہ گیفینی بھارتی کرکٹرز کو پسند نہیں کرتے خصوصاً روہت شرما کو۔

ان کی پرفائل میں مزید لکھا گیا کہ ورلڈ کپ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں تھرڈ امپائر کی ذمے داریاں انجام دیتے ہوئے انگلش امپائر نے بھارتی اوپنر روہت کے خلاف آن فیلڈ امپائر کا ناٹ آؤٹ کا فیصلہ ری پلے دیکھے بغیر اور واضح ثبوت نہ ہونے پر بھی تبدیل کردیا، ان پر شبہ ہے کہ وہ اپنی ملک اور میزبان انگلینڈ کے لیے جانبدار رویہ رکھتے ہیں تاکہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف بدترین شکست کھانے والی انگلش ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکے۔

بعدازاں وکی پیڈیا نے اس پروفائل پر ایڈیٹنگ کو بند کر کے ان کی پروفائل کو درست کیا۔

متعصب بھارتی شائقین نےٹوئٹر پر بھی انگلش امپائر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کچھ نے انتہائی واہیات زبان کا بھی استعمال کیا۔

شیٹی نے لکھا کہ تھرڈ امپائر کی یہ غلطی سمجھ سے باہر ہے، کیا وہ انہیں اس بات کا یقین تھا کہ گیند بلے سے لگی ہے، خراب امپائرنگ۔

انوراگ نامی صارف نے لکھا کہ تھرڈ امپائر اتنی تیزی سے فیصلہ کیسے دے سکتے ہیں؟ بیٹ اور پیڈ انتہائی قریب تھے، وہ کیسے یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ گیند پیڈ سے نہیں بلکہ بیٹ سے ٹکرائی؟َ