کھیل

بابر تیز ترین 3 ہزار رنز کرنے والے ایشین بلے باز بن گئے

بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

برمنگھم: اسٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے جبکہ ایشیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

انہوں نے بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ میں کیریئر کی 68ویں اننگز میں 3 ہزار رنز مکمل کرتے ہوئے سابق ویسٹ انڈین بلے باز ویون رچرڈز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ویوین رچرڈز نے 69 اننگز میں 3 ہزار رنز کے ہندسے کو عبور کیا تھا لیکن بابر نے ایک اننگز قبل ہی یہ اعزاز حاصل کر کے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا۔

ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا کو حاصل ہے جنہوں نے 57 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

بابر اعظم تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز تو نہ بن سکے البتہ سب سے کم اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابر سے قبل تیز ترین 3 ہزار رنز اسکور کرنے والے ایشین بلے باز بھارت کے اوپننگ بلے باز شیکھر دھاون تھے جنہوں نے 72 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا لیکن بابر نے ان سے یہ ریکارڈ چھین لیا۔

اس کے علاوہ بابر 3 ہزار ون ڈے انٹرنیشنل رنز مکمل کرنے والے 20ویں پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 3 ہزار رنز مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ شاندار ناقابل شکست سنچری اسکور کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا اور اپنے لیے اس میچ کو یادگار بنا لیا۔

اس کے ساتھ ساتھ بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 10 سنچری مکمل کرنے والے پہلے ایشین بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

انہوں نے بھارتی بلے باز شیکھر دھاون اور کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ریکارڈ اپنے نام کیا۔

بابر اعظم نے اپنی 10ویں سنچری 68ویں اننگز میں مکمل کی جبکہ بھارتی اوپنر شیکھر دھاون نے یہ کارنامہ 77 جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 80ویں اننگز میں انجام دیا تھا۔