بابر کی سنچری، ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں شکست
شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لیں۔
برمنگھم کے ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
گزشتہ شب بارش کی وجہ سے گراؤنڈ میں آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔
محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنے پہلے ہی اوور میں 5 کے مجموعے پر 5 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو بولڈ کرکے پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابی دلوا دی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: بھارت کے خلاف میچ کے بعد خودکشی کرنا چاہتا تھا، آرتھر
کپتان کین ولیمسن نے کالن منرو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچایا جہاں شاہین آفریدی نے 12 رنز بنانے والے کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
شاہین آفریدی نے اپنی تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا، 38 کے مجموعے پر 3 رنز بنانے والے روس ٹیلر اور 46 کے اسکور پر ایک رن بنانے والے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مزاحمت جاری رکھی ہوئی تھی تاہم شاداب خان نے 83 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے والے کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔