کھیل

'ٹیم نے غلطیوں سے سیکھ لیا ہے، اچھی کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں'

امید ہے کہ پوری ٹیم متحد ہو کر جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے میدان میں اترے گی، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض

لندن: قومی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں ہونے والے میچوں میں اپنی غلطیوں سے سیکھ لیا ہے اور وہ انہیں ٹھیک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر ورلڈ کپ سے اخراج کا خطرہ منڈلانے لگا ہے اور اب تک گرین شرٹس نے 5 میچوں میں سے صرف ایک کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے 3پوائنٹس ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، سری لنکا نے انگلینڈ کو شکست دے دی

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کی اہمیت کو جانتے ہیں اور امید ہے کہ پوری ٹیم متحد ہو کر جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے میدان میں اترے گی۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو اٹھانا ہو گا، ہم ایک دوسرے کی طاقت ہیں، ہم اچھے دوست ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ اسکواڈ میں شامل ہم 15افراد ہی اس ٹیم کو اٹھا سکتے ہیں اور حتیٰ کہ ہمارے اہلخانہ بھی ایسا نہیں کر سکتے۔

بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اگلے میچ میں ایک ہفتے کے وقفے کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو چند دن آرام کا مشورہ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لارڈز میں پاکستان کا ناقص ریکارڈ قومی ٹیم کیلئے پریشان کن

وہاب کا کہنا تھا کہ اچھی ٹیمیں وہ ہوتی ہیں جو اپنی غلطیوں کو جان کر انہیں ٹھیک کرتی ہیں لہٰذا ہم نے بھی اپنی غلطیوں پر تفصیلی بات چیت کی اور دو دن کے وقفے نے ہم کو تر و تازہ کردیا ہے۔

33سالہ فاسٹ باؤلر نے تسلیم کیا کہ عالمی کپ میں جدوجہد سے دوچار پاکستانی باؤلنگ یونٹ کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت باؤلنگ یونٹ ہم سخت محنت کر رہے ہیں، ہماری توجہ جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کارکردگی پر مرکوز ہے، انگلینڈ میں اننگز کی ابتدا میں وکٹیں لینے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں کر پا رہے۔