ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، سری لنکا نے انگلینڈ کو شکست دے دی
لاستھ ملنگا کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم نے ورلڈ کپ 2019 کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے میزبان اور فیورٹ انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر غلط ثابت ہوا اور 3 رنز پر ان کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد آوشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کرتے ہوئے 59رنز کی شراکت قائم کی لیکن مارک وڈ 39 گیندوں پر 49رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے فرنینڈو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
مینڈس کا ساتھ دینے سابق کپتان اینجلو میتھیوز آئے اور دونوں نے 71رنز کی شراکت قائم کر کے سری لنکا کو معقول مجموعے تک رسائی دلانے کی کوشش کی لیکن اس مرحلے پر عادل رشید نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر 46رنز بنانے والے کوشل مینڈس کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر جیون مینڈس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
133رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید جلد ہی سری لنکن ٹیم پویلین سدھار جائے گی لیکن ناقص فارم کا شکار اینجلو میتھیوز نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سری لنکا کو بحران سے نکالا۔
انہوں نے دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 57رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن 29رنز پر ڈی سلوا بھی ہمت ہار گئے۔اس کے بعد بقیہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی میتھیوز کا ساتھ نہ دے سکا اور تمام کھلاڑی یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔