کھیل

انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل افغان کھلاڑیوں کا ہوٹل میں جھگڑا، پولیس طلب

ایک غیر متعلقہ شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی، جس پر کچھ کھلاڑی مشتعل ہوگئے، رپورٹ

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی، انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل مانچسٹر کے ہوٹل میں لڑ پڑے، جس کے بعد پولیس کو طلب کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان کھلاڑی پیر کی شب مانچسٹر کے ایک ہوٹل میں کھانا کھانے گئے جہاں ایک غیر متعلقہ شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی، جس پر کچھ کھلاڑیوں کا اس سے جھگڑا ہوا۔

مانچسٹر پولیس کے مطابق واقعہ رات سوا 11 بجے پیش آیا جس کے بعد کھلاڑی ہوٹل سے چلے گئے تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

یاد رہے ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 150 رنز سے شکست دی تھی۔

میچ میں شکست کے بعد افغان کپتان گلبدین نائب کی پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے گذشتہ شب پیش آنے والے واقعے پر سوالات کیے تو انہوں نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔