بارشوں میں بھیگتا کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء
12ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے مقابلے اِن دنوں انگلینڈ اور ویلز میں جاری ہیں۔ اب تک ٹورنامنٹ کے 48 میچوں میں سے 25 مقابلے کھیلے جاچکے ہیں۔
حالیہ ورلڈ کپ کے دوران اب تک شائقینِ کرکٹ کو جہاں کچھ بڑے ہی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے وہیں چند میچوں میں بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا او شائقین اپنے پسندیدہ کرکٹ ستاروں کو کھیلتا نہیں دیکھ پائے۔ ورلڈ کپ میں کھیلے گئے 25 میچوں میں سے 4 بارش کی نذر ہوچکے ہیں اور متاثرہ میچوں میں مدِمقابل ٹیموں میں پوائنٹ تقسیم کردیے گئے۔
یہ ٹورنامنٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ٹورنامنٹ بھی بن چکا ہے، کیونکہ اس سے قبل 11 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں صرف 4 میچ ہی ایسے تھے جو بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہے، لیکن اس ورلڈ کپ کے دوران ابھی نہ جانے کتنے اور میچ برسات سے متاثر ہوں گے۔ موسم کی پیش گوئی کے مطابق ٹورنامنٹ میں مزید 10 میچ بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
انگلینڈ ماضی میں متعدد بار ورلڈ کپ سمیت دیگر بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کرچکا ہے لیکن جتنا زیادہ بارش نے اس ٹورنامنٹ کو متاثر کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی۔