کھیل

ورلڈکپ: مورگن کا ایک میچ میں سب زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ

کرس گیل نے ورلڈ کپ 2015 میں زمبابوے کے خلاف میچ میں 16 چھکے لگاکر عالمی کپ میں ریکارڈ بنایا تھا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان آئن مورگن نے ورلڈ کپ 2019 کے 24 ویں میچ میں افغانستان کے خلاف دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتےہوئے 148 رنز کی اننگز کھیلی اور ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کرلیا۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں میزبان انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کو دیگر بلےبازوں کے ساتھ ساتھ خود انہوں نے جارحانہ اننگز کھیل کر درست ثابت کردیا۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مجیب الرحمٰن کے علاوہ افغانستان کے تمام باؤلرز کے خلاف بے رحم بلے بازی کی اور نوجوان اسپنر راشد خان کے 9 اوورز میں 110 رنز بٹورے حالانکہ راشد کو خطرناک باؤلر تصور کیا جاتا ہے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں 397 رنز بنائے، بیئراسٹو نے 90 اور جوروٹ نے 88 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں:روہت شرما کا ون ڈے میں ڈھائی سو رنز کا ریکارڈ

آئن مورگن جب بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو ٹیم کا اسکور 164 رنز تھا اور 30 ویں اوور کا کھیل جاری تھا لیکن انہوں نے روٹ کے ساتھ مل کر 189 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کو 47 ویں اوور میں 353 رنز تک پہنچا دیا۔

مورگن نے 71 گیندوں کا سامنا کیا اور 148 رنز بنا کر گلبدین نائب کی گیند پر رحمت شاہ کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 17 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ کے کپتان نے ایک میچ میں 17 چھکے لگا کر ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں بھی کسی میچ میں سب زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنایا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2015 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے زمبابوے کے خلاف 16 چھکے لگا کر عالمی کپ میں ریکارڈ بنایا تھا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں روہت شرما اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیئرز کا ریکارڈ برابر کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:افغان کھلاڑی کے ایک ہی اوور میں 6 چھکے، ورلڈ ریکارڈ برابر

ایک روزہ کرکٹ میں بھارت کے روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف 2 نومبر 2013 کو ایک میچ میں 16 چھکے لگا کر ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنایا تھا جس کو اے بی ڈی ولیئرز نے 18 جنوری 2015 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں برابر کر دیا تھا۔

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن نے 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 15 چھکے رسید کیے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2014 میں 14 چھکے لگا کر فہرست میں نام درج کروا دیا تھا۔