کھیل

'پاکستانی ٹیم ذہنی طور پر کمزور ہے'

قومی ٹیم میں مستقل مزاجی نہیں ہے، بھارتی ٹیم نے نظم و ضبط کے ساتھ میچ کھیلا، سابق کپتان مصباح الحق

ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر تبصرہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹیم ذہنی طور پر کمزور ہے۔

کرک انفو کے مطابق اپنے تبصرے میں ایک سوال کے جواب میں ریکارڈ ساز کپتان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی ذہنی طور پر کمزور ہوجاتا ہے تو وہ میچ کے دوران ملنے والے مواقع سے بھی فائدہ نہیں اٹھاپاتا۔

انہوں نے اپنی بات کی وضاحت روہیت شرما کی اس غلطی پر تھی جس کی وجہ سے وہ ممکنہ طور پر رن آؤٹ ہوجاتے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے روہت شرما صرف 32 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے تو فخر زمان نے غلط اینڈ پر گیند پھینک کر روہت کی بیٹنگ کو ایک نئی زندگی دی جس کے بعد انہوں نے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 89رنز سے شکست

مصباح الحق کہتے ہیں کہ جب کھلاڑی دباؤ کا شکار ہوتا ہے تو وہ اپنے آپ کو ملنے والے مواقع سے بھی فائدہ نہیں اٹھا پاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنے آپ کو ذہنی طور پر پرسکون رکھنا ہوتا ہے ورنہ آپ کے ساتھ وہ ہوتا ہے جو پاکستانی فیلڈرز کے ساتھ ہوا تھا۔

سابق کپتان نے ذہنی پختگی سے متعلق کہا کہ یہ اچھی اور خراب کارکردگی کے درمیان واضح فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر روہت شرما کو رن آؤٹ کرلیا جاتا تو میچ کافی تبدیل ہوسکتا تھا۔

مصباح الحق میچ سے متعلق کہتے ہیں کہ مجموعی طور پر پاکستانی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی، انہیں یہی نہیں معلوم تھا کہ ان کے بہترین 6 بیٹسمین کون ہیں اور بہترین باؤلرز کون سے ہیں؟

مصباح الحق نے ٹیم انتظامیہ کو بھی آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 'سب سے پہلے ٹیم کے انتخاب میں ہی بہ بڑی غلطی ہوئی۔

سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم میں اس وقت مستقل مزاجی نہیں ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی ٹیم نے نظم و ضبط کے ساتھ میچ کھیلا۔