وزیراعظم کے مشورے کے باوجود سرفراز نے بیٹنگ نہ کرکے غلطی کی، نعیم الحق
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے مشورے کے باجود قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ نہ کرکے غلطی کی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ دماغی صلاحیت کا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کے ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ بہت برا ہے۔
نعیم الحق نے کہا کہ یہی وہ موقع تھا جہاں دماغی صلاحیت کا امتحان ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ آج کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان اور بھارت مدمقابل ہیں اس میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
مزید پڑھیں: ’ریلوکٹے‘ چھوڑو اسپیشلسٹ کھلاؤ، عمران خان کا سرفراز احمد کو پیغام
پی ٹی آئی رہنما کی ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غصے اور تنقید کا بھی اظہار کیا گیا۔
ایک صارف نے نعیم الحق کو جواب دیا کہ کھیل ابھی جاری، فکر نہ کریں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے جب یہ ٹوئٹ کی گئی تو اس وقت صرف 10 اوورز کا کھیل ہوا تھا، سوشل میڈیا صارفین نے اتنی جلدی میچ سے متعلق رائے قائم کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
میچ سے قبل ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے کپتان اور ملک کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں فیورٹ ضرور ہے لیکن پاکستانی ٹیم شکست کا خوف نکال کر میدان میں اترے اور آخری گیند تک لڑے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میچ کا جو بھی نتیجہ آئے اسے ایک اچھے اسپورٹس مین کی طرح قبول کریں، قوم کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔
اپنے ایک اور پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان کو آج کے میچ میں ’ریلو کٹے‘ کے ساتھ نہیں بلکہ اسپیشلسٹ بلے بازوں اور باؤلرز کے ساتھ میدان میں جانا چاہیے کیونکہ ریلوے کٹے دباؤ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے، خصوصی طور پر ایسے ماحول میں جو آج پیدا ہونے والا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ: بھارتی اوپنرز کی نصف سنچریاں، بڑے ہدف کی جانب گامزن
سابق کپتان نے موجودہ کپتان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ آج دونوں ٹیمیں بہت زیادہ ذہنی دباؤ کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور ذہنی پختگی ہی میچ کے نتیجے کا فیصلہ کرے گی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس سرفراز احمد کی شکل میں ایک بہادر کپتان موجود ہے اور وہ آج بہترین کارکردگی پیش کرے گا۔
وزیراعظم نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا تھا کہ شکست کا خوف نکال دیں کیونکہ انسانی دماغ ایک وقت میں ایک ہی چیز کے بارے میں سوچ سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شکست کا خوف منفی اور دفاعی حکمت عملی کی جانب لے جاتا ہے جس کی وجہ سے مخالفین کی غلطیوں کا فائدہ نہیں ہوتا۔