کھیل

ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج ٹونٹن میں ہونے والے میچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ورلڈکپ کے اہم میچ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جہاں میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عالمی کپ میں اب تک کی پاکستان کی مہم معمول کے مطابق رہی ہے جہاں پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اگلے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار انداز میں ایونٹ میں واپسی کرتے ہوئے فیورٹ اور میزبان انگلینڈ کو شکست دے دی البتہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین آل راؤنڈر اسٹوئنس پاکستان کے خلاف میچ سے باہر

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں افغانستان اور ویسٹ انڈیز کو مات دی لیکن بھارت کے خلاف اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا لہٰذا دونوں ہی ٹیموں کے لیے ٹونٹن میں کھیلا جانے والا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز یں مدمقابل آئی تھیں جہاں سرفراز احمد سمیت 6 صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 0-5 کی کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم قومی ٹیم کے کپتان کا ماننا ہے کہ اس سیریز کا نتیجہ اس مقابلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

قوی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹونٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیریز ماضی کا حصہ بن چکی ہے، ہم اس بارے میں نہیں سوچ رہے بلکہ ہماری نظریں کل کے میچ پر مرکوز ہیں، ہمارا مورال بلند ہے اور ہم آسٹریلیا کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی کے لیے پُرامید ہیں۔

میچ میں ممکنہ طور پر بارش کے حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ موسم ہمارے اختیار میں نہیں، لیکن اگر بارش کے سبب میچ میں اوورز کو کم کیا جاتا ہے تو ہم یقیناً اپنے پلان تبدیل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 27سال بعد 1992 کے ورلڈ کپ کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا

قومی ٹیم کے لیے یہ میچ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ گرین شرٹس کو عالمی کپ میں اپنا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنا ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کسی خاص تبدیلی کا امکان نہیں تاہم موسم ابر آلود ہونے کے پیش نظر قومی ٹیم اضافی فاسٹ باؤلر کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلین ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے بھی امید ظاہر کی کہ موسم اور بارش میچ کے نتیجے پر اثر انداز نہیں ہوں گے اور دونوں ٹیموں کو اچھی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ عالمی کپ میں اب تک بارش کے سبب مجموعی طور پر تین میچ منسوخ ہو چکے ہیں جبکہ آج ٹونٹن میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔

ٹونٹن میں موسم پہلے کی نسبت بہتر ہوگیا ہے لیکن اب بھی بارش کی مداخلت کا امکان موجود ہے جس کی وجہ ڈک ورتھ لوئس قانون استعمال کیا جاسکتا ہے۔

میچ کے لیے باؤنسی وکٹ تیار کی گئی ہے اور بارش کے سبب وکٹ میں نمی ہو گی اور یہ فاسٹ باؤلرز کے لیے انتہائی سازگار ہو گی لہٰذا ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: 'تیز بارش نے ہلکی بارش کو 62 ملی میٹر سے شکست دے دی'

دوسری جانب آسٹریلین ٹیم میں میچ کے لیے چند تبدیلیوں کا امکان ہے اور انجری کا شکار مارکس اسٹوئنس کی جگہ شان مارش یا جیسن بہرن ڈورف کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔

بھارت کے خلاف میچ میں ناقص کارکردگی کے بعد ایڈم زامپا کی جگہ اسپنر نیتھن لایون کو آزمایا جا سکتا ہے جبکہ نیتھن کاؤلٹر نائیل کی جگہ بھی کسی دوسرے فاسٹ باؤلر کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔