پاکستان

صحت کے لیے 12 ارب روپے مختص

صحت کا شعبہ صوبوں کا معاملہ ہے لیکن صوبوں کے ساتھ مل کر اس کی ترقی کے لیے کام کریں گے، حماد اظہر

وفاقی حکومت نے مالی سال 20-2019 کے بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے 12 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔

بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ زراعت صوبائی محکمہ ہے تاہم اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور اس میں ترقی کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت غریب افراد کو صحت کی انشورنس فراہم کی جاتی ہے، مستحق افراد کو صحت کارڈ فراہم کیے جاتے ہیں جن سے وہ ملک بھر سے منتخب 270 ہسپتالوں سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے کا سالانہ علاج کروا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کا احتجاج

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان کے 42 اضلاع میں 32 لاکھ خاندانوں کو صحت انشورنس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، اگلے مرحلے میں اسے ڈیڑھ کروڑ پسماندہ خاندانوں تک توسیع دی جائے گی، اس پروگرام کا اطلاق تمام اضلاع بشمول تھرپارکر اور خیبر پختونخوا کے خاندانوں پر ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ برس صحت کے شعبے کے لیے 11 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مفتاح اسمٰعیل نے بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ حکومت بنیادی صحت کے لیے 37 ارب روپے مختص کررہی ہے۔